موہن بھاگوت پہنچے مسجد! عمیر الیاسی سے تبادلہ خیال، ایک ماہ میں مسلم نمائندوں سے دوسری ملاقات

ّآرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے ’تنظیم ائمہ مساجد‘ کے چیف امام عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔ جس کے بعد الیاسی نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی اور دونوں فریق کا پیغام محبت ہے۔

عمیر الیاسی اور موہن بھاگوت کی ملاقات / تصویر ویڈیو گریب
عمیر الیاسی اور موہن بھاگوت کی ملاقات / تصویر ویڈیو گریب
user

سید خرم رضا

نئی دہلی: آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے جمعرات کے روز ’تنظیم ائمہ مساجد‘ کے چیف امام عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔ امام عمیر احمد الیاسی نے قومی آواز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے تک چلی۔ واضح رہے سنگھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس سربراہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملتے رہتے ہیں اور یہ ملاقات بھی اسی کا حصہ ہے۔ 

موہن بھاگوت نے آل انڈیا مسلم امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمیر احمد الیاسی سے کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے تعلق سے عمیر احمد الیاسی نے بتایا کہ ڈیڑھ گھنٹے تک چلنے والی اس ملاقات کے دوران وہ اکیلے مسلمان تھے، جبکہ بھاگوت کے ساتھ اندریش کمار، رام لال اور کرشن گوپال بھی موجود تھے۔


امام عمیر احمد الیاسی نے قومی آواز کو بتایا کہ ملاقات کے دوران ملک کے بارے میں بات ہوئی۔ جب قومی آواز نے ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے اس ماقات کے دوران کوئی بات کہی تو انہوں نے کہا کہ دونوں فریق کا پیغام محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل پر بات ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 22 اگست کو بھی پانچ  مسلم فکرمند شہریوں نے دہلی میں بھاگوت سے ملاقات کی تھی جس کے بارے میں تین ہفتے بعد ملاقات کرنے والوں  کے ایک رکن معروف صحافی شاہد صدیقی نے ایک روزنامہ کو بتایا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی تھی۔ جس میں ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان گہری ہوتی ہوئی خلیج کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔


موہن بھاگوت سے اس ملاقات کی پہل مسلم دانشوروں نے کی تھی، جن میں سابق ایم پی شاہد صدیقی، سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی، سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ضمیر الدین شاہ اور تاجر سعید شیروانی شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔