حب الوطنی کا ڈرامہ کرنے والے پی ایم مودی نے پاکستان کو لکھا ’محبت نامہ‘: کانگریس

کانگریس ترجمان سرجے والا کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے دیکھا کہ مودی جی نے یومِ پاکستان پر عمران خان کو چوری چھپے محبت نامہ لکھا لیکن اس میں پاکستان اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کا تذکرہ کرنا بھول گئے۔‘‘

رندیپ سرجے والا
رندیپ سرجے والا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے یومِ پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ مبارکبادی پیغام بھیجے جانے سے متعلق خبروں پر ہفتہ کے روز انھیں زبردست طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے پی ایم مودی پر تلخ ترین حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مودی جی نے چوری چھپے ’لَو لیٹر‘ (محبت نامہ) لکھا لیکن پاکستان کے ذریعہ اسپانسرڈ دہشت گردی کا کوئی تذکرہ نہیں کیا۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے صحافیوں سے خطاب کے دوران پی ایم مودی سے سوال کیا کہ مودی جی کیا یہی آپ کی حب الوطنی ہے۔

سرجے والا نے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے دیکھا کہ مودی جی نے یوم پاکستان پر عمران خان کو چوری چھپے محبت نامہ لکھا لیکن اس میں پاکستان اسپانسرڈ دہشت گردی اور پاکستانی دہشت گرد تنظیموں و آئی ایس آئی کے ذریعہ کی جا رہی دہشت گردانہ کارروائی کا تذکرہ کرنا بھول گئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ان سبھی چیزوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مودی جی نے امت شاہ کو بھیج دیا۔‘‘

سرجے والا نے پی ایم مودی اور امت شاہ سے 10 سوال بھی پوچھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی جی آپ نے محبت نامہ میں لشکر طیبہ، جیش محمد، داؤد ابراہیم اور دوسرے دہشت گردوں کی بات کیوں نہیں کی۔؟‘‘ انھوں نے یہ بھی سوال کیا کہ ’’مودی جی بغیر بلائے پاکستان کیوں گئے تھے؟ پٹھان کوٹ حملہ کی جانچ کے لیے آئی ایس آئی کو کیوں بلایا تھا؟ امت شاہ نے آئی ایس آئی کی تعریف کیوں کی تھی؟‘‘

کانگریس ترجمان نے اس کے علاوہ یہ بھی سوال کیا کہ ’’کیا یہ سچ نہیں کہ بی جے پی کے آئی ٹی سیل سے منسلک دھرو سکسینہ پاکستان کے لیے جاسوسی کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا؟ مہاراشٹر کے بی جے پی لیڈر ایکناتھ کھڑسے کی داؤد ابراہیم سے بات چیت والے ٹیپ کی جانچ کیوں نہیں کرائی؟ کیا یہ صحیح نہیں کہ وزیر اعظم کی موجودگی میں پی ڈی پی لیڈروں نے پاکستان کی تعریف کی تھی؟‘‘ سرجے والا نے آگے کہا کہ ’’داؤد ابراہیم کی بیوی ہندوستان آئی لیکن مودی حکومت نے اسے گرفتار نہیں کروایا، ایسا کیوں ہوا؟ مودی اور امت شاہ کی حکومت نے قومی مفاد کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس کے لیے کیا انھیں معافی نہیں مانگنی چاہیے؟‘‘

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سرجے والا نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے کو مودی حکومت کی سب سے بڑی ناکامی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوا دہشت گردانہ حملہ مودی حکومت کی قومی سیکورٹی سے جڑی سب سے بڑی ناکامی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا دعویٰ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’یوم پاکستان‘ پر وہاں کی عوام کو مبارکبادی پیغام بھیجا ہے۔ عمران خان نے اس کی جانکاری اپنے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے دی۔ ٹوئٹ میں عمران نے دعویٰ کیا کہ ’’پی ایم مودی کا پیغام ملا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ میں یوم پاکستان کے موقع پر اپنی مبارکبادیاں پاکستان کی عوام کو پیش کرتا ہوں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی کے پیغام میں اس بات کا بھی تذکرہ ہے کہ یہی وقت ہے کہ ایشیا کے لوگوں کو دہشت گردی اور تشدد سے آزاد ماحول میں ساتھ مل کر جمہوری، امن پسند، ترقی پسند اور خوشحال ملک کے لیے کام کرنا چاہیے۔

بہر حال، عمران خان کے اس دعوے کی ہندوستان کی جانب سے ابھی تک کسی بھی طرح کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔