مودی اپوزیشن اتحاد کے بارے میں عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں: اکھلیش
ایس پی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی زبان میں تبدیلی آگئی ہے کیونکہ بی جے پی پہلے مرحلے سے ہی پیچھے ہے۔ وہ ترقی، کسان، آمدنی کے بارے میں بات نہیں کر رہے ہیں۔ وہ صرف عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی اکھلیش یادو نے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن اتحاد کے بارے میں عوام کے درمیان شکوک پیدا کر کے انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایس پی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی زبان میں تبدیلی آگئی ہے کیونکہ بی جے پی پہلے مرحلے سے ہی پیچھے ہے۔ وہ ترقی، کسان، آمدنی کے بارے میں بات نہیں کر رہے ہیں۔ وہ صرف عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ ایس پی۔ بی ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کس کی حکومت بنے گی اور کون وزیر اعظم ہوگا۔
ملحوظ رہے کہ اکھلیش یادو کا یہ بیان مودی کے اس تبصرے کے ایک دن بعد آیا ہے جب وزیر اعظم مودی نے پرتاپ گڑھ کی ریلی میں دعوی کیا تھا کہ ایس پی اور کانگریس کا اتحاد ہے۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اکھلیش نے دعوی کیا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ وہ اقتدار میں واپس نہیں آرہے۔ اب وہ آئی ٹی، سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ اپوزیشن لیڈروں کی بے عزتی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سابق وزیر اعلی نے دعوی کیا کہ سابق میں اس سے پہلے کبھی بھی ایسا نہیں ہوا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہو اور سی بی آئی کسی لیڈر کے گھر پرچھاپے ماری کرے لیکن یہ پہلی حکومت ہے جو انتخابات کے آغاز اور ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد بھی لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کرہی ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ مودی 180 ڈگری والے وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے جو کچھ کہا تھا اس کے عین مخالف کام کیا ہے۔ وہ صرف ایک فیصد عوام کے وزیر اعظم ہیں۔ اس لئے ان کو نہیں معلوم کہ ملک کو تبدیلی کی جانب کیسے لے جایا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔