لاک ڈاؤن کے علاوہ کورونا کو شکست دینے کی حکمت عملی پر مودی خاموش: کانگریس

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہیے کہ گزشتہ 21 دن میں ٹیسٹنگ صلاحیت کتنی بڑھائی گئی ہے اور آگے کی جانچ کو لے کر اس کی کیا حکمت عملی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کے لاک ڈاؤن بڑھانے کے اعلان کی حمایت کی لیکن کہا کہ یہ تعجب کی بات ہے کہ غریبوں کے مسائل کو کم کرنے اور کورونا کو شکست دینے کے لئے حکومت کی دیگر حکمت عملی کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے منگل کو یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وبا کے خلاف لڑنے کے لئے لاک ڈاؤن بڑھانا لازمی ہے، لیکن وبا سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کے علاوہ اور کیا قدم اٹھائے جا رہے ہیں اس کی کوئی معلومات پی ایم مودی نے نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم قوم سے خطاب کرتے ہیں تو توقع رہتی ہے کہ ملک کو یہ بھی بتایا جائے کہ حکومت ہموطنوں کے لئے کیا کر رہی ہے لیکن پی ایم مودی نے اس پر خاموشی اختیار کی ہے۔


ترجمان نے کہا کہ 21 دن کے لاک ڈاؤن کی سب سے زیادہ خوفناک تصویر ان لاکھوں لوگوں کی تھی جو اپنے گھر جانے کے لئے پیدل چل پڑے تھے۔ ان میں بڑی تعداد میں ان لوگوں کو ریاستوں کی سرحدوں پر روکا گیا اور لوگوں کو کوارنٹائن کیا گیا اور کیمپوں میں رکھا گیا۔ ان میں سے جن لوگوں کے 14 دن پورے ہو گئے ہیں ان سب کو ان کے گھر بھیجنے کا کیا انتظام کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وبا کے خلاف کوئی دوا نہیں ہے اور سماجی فاصلے ہی بچاؤ کا واحد طریقہ ہے۔ اس میں ٹیسٹنگ بہت ضروری ہے لہذا حکومت کو بتانا چاہیے کہ گزشتہ 21 دن میں ٹیسٹنگ صلاحیت کتنی بڑھائی گئی ہے اور آگے کی جانچ کو لے کر اس کی کیا حکمت عملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Apr 2020, 4:50 PM