ہاپوڑ عصمت دری معاملہ پر جواب دیں مودی: کانگریس

کانگریس کے ترجمان جیہ ویر شیرگل نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے اترپردیش کے ہاپوڑ میں عصمت دری کے واقعہ کو انتہائی شرمنا ک بتاتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی کی اقتدار والی ریاستوں میں خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو اس ناکامی کی ذمہ داری لیتے ہوئے جواب دینا چاہیے۔

کانگریس کے ترجمان جیہ ویر شیرگل نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے وہاں خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں خود بی جے پی کے لیڈران اور ممبران اسمبلی اس طرح کے مجرمانہ واقعات میں ملوث ہیں اور وہاں کی بی جے پی حکومتیں انہیں بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پانچ سال کے دوران لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں 83 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات 34 فیصد بڑھے ہیں۔ حکومت کے اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ صرف اترپردیش میں خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اور ریاست میں ہر روز تقریباَ آٹھ خواتین کے ساتھ عصمت دری ہو رہی ہے۔ یوگی ادیتیہ ناتھ حکومت میں خواتین کے ساتھ جرم اور عصمت دری کے واقعات روکنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہاپوڑ کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے۔ متاثرہ لڑکی صرف بیس سال کی ہے اور وہ بیوہ بھی ہے۔ اس کے ساتھ چودہ مرتبہ اجتماعی عصمت دری ہوئی۔ اس نے پولس میں شکایت درج کرائی لیکن پولس نے اسے بھگا دیا یہاں تک کہ پولس کے اعلی افسران نے بھی اس کی بات نہیں سنی۔ بالآخر اس نے خودسوزی کی کوشش کی جس میں وہ اسی فیصد جل گئی ہے۔ دہلی کے ایک اسپتال میں داخل ہے۔ اس خاتون کا کہنا ہے کہ عصمت دری سے بچنے کے لئے اس نے یہ قدم اٹھایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔