’مودی وایناڈ سے الیکشن لڑلیں، انہیں روک کون رہا ہے‘، کانگریس کا پی ایم مودی کو کھلا چیلنج

پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر وہاں الیکشن لڑنے آجائے، پی ایم مودی بھی وایناڈ سے لڑنے آجائیں، انہیں روک کون رہا ہے، وارانسی میں وہ بہت جدوجہد سے جیتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے وایناڈ لوک سبھا سیٹ چھوڑنے اور استعفیٰ دینے کے بعد کانگریس نے پی ایم مودی سمیت بی جے پی کو چیلنج کیا ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا ہے کہ بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر وہاں الیکشن لڑنے آسکتا ہے، پی ایم مودی بھی وایناڈ میں الیکشن لڑنے آسکتے ہیں، انہیں الیکشن لڑنے سے کون روک رہا ہے۔ وارانسی میں وہ کافی جدوجہد کے ساتھ جیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وایناڈ لوک سبھا سیٹ سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ رہیں گے۔ کانگریس نے پرینکا گاندھی کو وایناڈ سے ضمنی انتخاب میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راہل گاندھی کے وایناڈ چھوڑنے اور رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ رہنے کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے پون کھیڑا نے کہا ہے کہ ہم سب کو یہ فیصلہ پسند آیا۔ پورے ملک میں خوشی کی لہر ہے۔ وایناڈ سے بی جے پی کے امیدوار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر وہاں الیکشن لڑنے آسکتا ہے، پی ایم مودی بھی وایناڈ میں الیکشن لڑنے آسکتے ہیں، انہیں الیکشن لڑنے سے کون روک رہا ہے۔


کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے پیر کو کانگریس کی میٹنگ کے بعد اعلان کیا تھا کہ راہل گاندھی رائے بریلی سے ایم پی رہیں گے اور وایناڈ سیٹ چھوڑیں گے۔ کانگریس پرینکا گاندھی کو وایناڈ سے امیدوار بنائے گی۔ اس فیصلے کے بعد راہل گاندھی نے منگل کی صبح وایناڈ سیٹ سے اپنا استعفیٰ لوک سبھا کو بھیج دیا ہے۔ دوسری جانب پرینکا گاندھی نے بھی پارٹی کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

پارٹی کی جانب سے راہل گاندھی ک وایناڈ چھوڑنے اور وہاں سے پرینکاگاندھی کے الیکشن لڑنے کے فیصلے کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ رائے بریلی اور وایناڈ سے میرا جذباتی تعلق ہے۔ میں گزشتہ 5 سالوں سے وایناڈ سے ایم پی تھا۔ وہاں سب نے مجھ سے بہت پیار کیا۔ اس کے لیے میں تہہ دل سے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پرینکا وایناڈ سے الیکشن لڑیں گی۔ ہم ساتھ مل کر وایناڈ سے کیے گئے ہر وعدے کو پورا کریں گے۔


راہل گاندھی 2019 کی طرح اس بار بھی دو سیٹوں پر الیکشن لڑے تھے۔ راہل گاندھی نے وایناڈ اور رائے بریلی دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ 2019 میں انہوں نے امیٹھی اور وایناڈ سے الیکشن لڑے اور وایناڈ سے کامیابی حاصل کی۔ اس بار کانگریس نے امیٹھی سے راہل گاندھی کی جگہ کے ایل شرما کو ٹکٹ دیا تھا جنہوں نے اس بار بی جے پی کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو تقریباً 1.5 لاکھ ووٹوں سے شکست دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔