غریبوں کا مذاق اڑانے پر معافی مانگیں مودی: کانگریس

رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ ’نیائے‘ غربت کو ختم کرنے کی دنیا کی سب سے بڑی اسکیم ہے جس کے تحت ملک کے ہر غریب خاندان کو ہر ماہ 6 ہزار روپے دیئے جانے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کی کم از کم آمدنی ضمانت اسکیم ’نیائے‘ پر وزیر اعظم مودی کے طنز کرنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ نریندر مودی نے ملک کے غریبوں کی مفلسی کا مذاق اڑایا ہے جس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہیے۔

کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’نیائے‘ اسکیم کانگریس کی غربت کو ختم کرنے کے لئے دنیا کی سب سے بڑی اسکیم ہے جس کے تحت غریب خاندان کی خواتین کے کھاتے میں ہر سال 72 ہزار روپے جمع ہونے ہیں۔ ملک کے ہر غریب خاندان کو اس اسکیم کے تحت ہر ماہ 6 ہزار روپے دیئے جانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کرکے غریبوں کو گہرا زخم دینے والے نریندر مودی نے اب غریبوں کی بہبود کے لئے ’نیائے‘ اسکیم کا تالی بجا بجا کر مذاق اڑایا ہے۔ ملک کے غریبوں کے لئے بنائی گئی اس اسکیم کی مخالفت کرکے وہ غریبوں کے پیٹ پر لات مارنے کا کام کر رہے ہیں۔ اس اسکیم کا مذاق اڑا کر انہوں نے ملک کے 25 کروڑ غریبوں کی مفلسی کا مذاق اڑایا ہے۔ اس کے لئے وزیر اعظم کو معافی مانگنی چاہیے۔

خیال رہے کہ نریندر مودی نے اترپردیش کے میرٹھ میں آج کانگریس کی ’نیائے‘ اسکیم پر سخت طنز کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی حکومت نے بینک کھاتے کھلوائے تو کچھ عقلمند لوگ کہتے تھے کہ ملک میں بینک ہی نہیں ہیں کھاتے کھلوانے سے کیا ہوگا اور آج وہی کھاتوں میں پیسے ڈالنے کی بات کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Mar 2019, 6:10 PM