بجٹ اجلاس: مودی ایک بار پھر طلاق ثلاثہ کا ’کھیل‘ کھیلنے کو تیار

تمام سیاسی پارٹیوں سے توقع ہے کہ وہ تین طلاق بل منظور کرانے میں تعاون کریں گے اور مسلم خواتین کو نئے سال کا تحفہ دیں گے۔مودی

پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پریس سے خطاب کرتے ہوئے
پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی پریس سے خطاب کرتے ہوئے
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: آج پارلیمنٹ کا بجٹ سیشن شروع ہو چکا ہے لیکن اس سے قبل پارلیمنٹ کے احاطہ میں نامہ نگاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ’طلاق ثلاثہ‘ کا تذکرہ کر کے اشارہ دے دیا ہے کہ وہ بجٹ اجلاس میں راجیہ سبھا سے طلاق ثلاثہ بل کو منظور کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ ’’تین طلاق قانون بنا کر نئے سال 2018 کے موقع پر مسلم خواتین کو تحفہ دینا چاہتے ہیں۔‘‘

صحافیوں سے اپنے خطاب میں انہوں نے شروعات ہی تین طلاق مسئلہ سے کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر الزام عائد کیا کہ حکومت کی لاکھ کوششوں کے بعد انھوں نے تعاون نہیں کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن پارٹیوں سے اس سلسلے میں تعاون پیش کرنے کی گزارش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ بجٹ اجلاس کے لئے تمام سیاسی پارٹیوں سے توقع ہے کہ وہ تین طلاق بل منظور کرانے میں تعاون کریں گے اور مسلم خواتین کو نئے سال کا تحفہ دیں گے۔‘‘

تین طلاق کے علاوہ وزیر اعظم نے عام لوگوں، دلتوں، محروم طبقات کے مفاد میں بجٹ تیار کرنے میں اپوزیشن پارٹیوں سے تعاون کی بھی اپیل کی۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ بجٹ سیشن انتہائی اہم ہے یہ بجٹ ملک کو نئی توانائی دینے والا اور معمول سے عام لوگوں کی توقعات کو پورا کرنے والا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پیش ہونے کے بعد یہ مختلف کمیٹیوں کے پاس جاتا ہے اور تقریبا ایک ماہ تک کمیٹیاں اس پر غور کرتی ہیں۔ ان کمیٹیوں میں برسراقتدار اور اپوزیشن دونوں کے لوگ ہوتےہیں اور وہ سیاست سے اوپر اٹھ کر ملک کے لئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیشن کے دوران کمیٹیوں کے وقت کا بھرپور استعمال ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ عام لوگوں دلتوں،محروم طبقات ، مظلوم، غریب، کسانوں اور مزدوروں کو اس کا بھرپور فائدہ کس طرح سے ملے اس سمت میں سیشن کے دوران کام کریں اور ایک روڈ میپ بناکر آگے بڑھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔