مودی نے قومی سلامتی پر جھوٹ بول کر معاشی سلامتی کو نظر انداز کیا: راہل

کانگریس کے امیدواروں کے حق میں یہاں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نےکہا کہ نریندر مودی نے قومی سلامتی کے مسئلے پر اپنے بے جا اور گمراہ کن دلائل سے ملک کے عام آدمی کو دھوکہ دیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

رائچور: کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم مودی جہاں بھی جاتے ہیں، ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں اورقومی سلامتی پر عوام کو گمراہ کرتے ہیں اور اسی سبب انہوں ملک کی معاشی سلامتی کو یکسر نظر انداز کیا۔

کرناٹک میں لوک سبھا کی 14 سیٹوں پر 23 اپریل کو ہونے والی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ کانگریس کے امیدواروں کے حق میں یہاں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نےکہا کہ نریندر مودی نے قومی سلامتی کے مسئلے پر اپنے بے جا اور گمراہ کن دلائل سے ملک کے عام آدمی کو دھوکہ دیا ہے۔

مودی نے قومی سلامتی پر جھوٹ بول کر معاشی سلامتی کو نظر انداز کیا: راہل

انہوں نے کہا،’قومی سلامتی کیا ہے؟.... اس تعلق سے نریندر مودی نے جھوٹ بولا ہے اور معاشی محاذ پر ان کے فیصلے تباہ کن ثابت ہوئے ہیں ۔ انہوں (مودی) نے ‘اشیا و خدمات ٹیکس‘ (جی ایس ٹی) کو مجرمانہ طریقوں سےنافذ کیا ہے جو ایک المیہ ثابت ہوئی ہے۔ ان انتخابات کے بعد کانگریس کے برسراقتدار آنے پر مودی حکومت کے مدت کار میں کی گئی غلطیوں کی اصلاح کی جائے گی۔ مودی نے بڑے صنعتی گھرانوں کو سہارا دیا اور چھوٹے کسانوں، کاروباریوں اور غریب عوام کا بالکل خیال نہیں کیا‘۔

فضائیہ کے بالا کوٹ ایئر اسٹرائک پر بار بار مودی حکومت کے دعوؤں اور بی جے پی پر اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہل گاندھی نےکہا کہ اب ہندوستان کو ایک مضبوط معیشت کی ضرورت ہےتاکہ سماج کے سب سے نچلے طبقے کے عوام کو مدد ملے۔

انہوں نے کہا،’کانگریس نے پانچ ریاستوں کی اسمبلی انتخابات میں فاتح رہی ۔کرناٹک میں جنتا دل سیکولر(جے ڈی ایس) اور کانگریس کی اتحادی حکومت نے ثابت کر دیاہے کہ کس طرح مضبوط معیشت اور سماج کے غریب طبقوں کی مدد کی جانی چاہیے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ مدھیہ پردیش، پنجاب اور راجستھان میں اقتدار میں آتے ہی ہم نے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا اپناوعدہ وفا کر دیا۔ محض کرناٹک میں ہی 40 ہزار کروڑ روپیے کا قرض معاف کیا جارہا ہے‘۔

انہوں نے مودی کی اس بات کی تنقید کرتے ہوئے کہ کانگریس اس بڑے رقم والے قرض کو معاف کرنے کے لیے پیسہ کہاں سے لائے گی؟ جواب دیا،’ہم امبانی اور میہول چوکسی سے پیسے لیں گے۔ ان جیسے کچھ مالدار افراد نے بینکوں کو چونا لگایا(نقصان پہنچایا) ہے اور ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔ میں یہاں جھوٹ بولنے نہیں آیا ہوں‘۔

کانگریس کے صدر نے کہا کہ ملک کے عوام نے اب محسوس کر لیا ہے کہ مودی ہمیشہ جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ ملک کے کسی بھی خطے میں چلے جاؤ اوار ’چوکیدار‘کا لفظ بولو تو ہر آدمی کہے گا کہ ’چور ہے‘۔ مودی نےتو ملک کے غریب عوام اور چھوٹے کاروباریوں کی کمر توڑ دی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں ’نیائے یوجنا‘ کی بات کی ہے جو مبنی بر حقیقت ایک منصوبہ ہے اور مودی کی طرح جھوٹ کا پلندہ نہیں ہے۔ ہر غریب خاندان کو ہر سال 72،000 روپے ملیں گے اور اس سے ملک کےکم از کم پانچ کروڑ غریب خاندانوں کی سطحِ زندگی بلند ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔