مودی جی نے 10 سال میں صرف لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے: پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ بی جے پی حکومت بڑے لوگوں کے قرض معاف کر دیتی ہے لیکن جب ایک غریب کسان 50 ہزار روپے کا قرض ادا نہیں کر پاتا ہے تو اسے خودکشی کرنی پڑتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

پرینکا گاندھی / تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعرات کو رائے بریلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے اور خواتین پریشان ہیں۔ کسی کی زندگی میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، صرف لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ مودی جی نے اپنے 10 سال میں یہی کیا ہے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا  کہ پی ایم نریندر مودی کہتے ہیں جو ہم نے 10 سال میں کیا کانگریس 70 سال میں نہیں کر سکی۔ جبکہ سچ یہ ہے کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، خواتین پریشان ہیں۔ کاشتکاری مہنگی ہو گئی ہے، کسان آوارہ جانوروں سے پریشان ہیں، ملک میں بیروزگاری 45 سال میں سب سے زیادہ ہے، نوجوان پریشان ہیں۔ سرکاری ملازمین پرانی پنشن نہ ملنے سے پریشان ہیں۔ کسی کی زندگی میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، صرف لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ مودی جی نے اپنے 10 سال میں یہی کیا ہے۔


پرینکا گاندھی نے کہا کہ میری ماں آپ کی ایم پی تھیں۔ آج میرا بھائی آپ کا امیدوار ہے۔ آپ نے خود دیکھا ہے کہ یہاں پچھلے 20 سالوں میں بہت سے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ ہمارا رشتہ صرف سیاسی نہیں رہا ہے بلکہ محبت اور احترام کا بھی رہا ہے۔ رائے بریلی کے لوگوں کا سیاسی شعور ہمیشہ مضبوط رہا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے لیڈر ہمیشہ عوام کے سامنے جوابدہ رہے۔

کانگریس کی لیڈر نے کہا کہ لوگ ’گئوماتا‘ (گائے) کی بات کرتے ہیں لیکن یہاں کے گئوشالاؤں میں گایوں کے لیے چارہ، پانی اور چھپّر تک نہیں ہے۔ گائیں دھوپ میں پڑی رہتی ہیں، چارہ-پانی نہ ہونے سے ان کی موت ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں بھی آوارہ مویشیوں کا مسئلہ تھا۔ حکومت میں رہتے ہوئے ہم نے خواتین کو گئوشالاؤں میں وزگار دیا۔ حکومت نے گوبر کی خریداری کا عمل شروع کیا جس سے آوارہ مویشیوں کا مسئلہ حل ہو گیا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ بی جے پی حکومت بڑے لوگوں کے قرض معاف کر دیتی ہے لیکن جب ایک غریب کسان 50 ہزار روپے کا قرض ادا نہیں کر پاتا ہے تو اسے خودکشی کرنی پڑتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔