مودی نے محض چنندہ سرمایہ کاروں کے لئے کام کیا: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے میعاد کار کے دوران صرف خود کا اورا پنے چنندہ سرمایہ کار دوستوں کا ہی بھلا کیا ہے۔ اس کے برخلاف کانگریس کا نظریہ عوام کے مفاد کا ہے۔
بہرائچ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر کسانوں کے بے عزتی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام سے دور ہوچکی مرکز کی نریندر مودی حکومت چنندہ سرمایہ کاروں کے فلاح میں مشغول ہے۔
پرینکا گاندھی نے اتوار کو بہرائچ کے نانپارہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسان سمان ندھی اسکیم کے تحت ہر سال 6 ہزار روپئے دیکر ان کی بے عزتی کی ہے۔ اسے’’ کسان اپمان یوجنا‘‘ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کو غریبی اور بدحالی سے باہر نکالنے کے لئے ان کا قرض معاف کرنے اور ہر سال 72 ہزار روپئے دینے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے میعاد کار کے دوران صرف خود کا اورا پنے چنندہ سرمایہ کار دوستوں کا ہی بھلا کیا ہے۔ اس کے برخلاف کانگریس کا نظریہ عوام کے مفاد کا ہے۔ جب میں کسانوں سے ملتی ہوں تو وہ بتاتے ہیں کہ آوارہ مویشی کی وجہ سے رات رات بھر انہیں جاگنا پڑتا ہے۔ منریگا کے مزدوروں کو چھ چھ مہینے پیسے نہیں ملتے۔ کانگریس کی حکومت آنے پر کسان کے لئے علیحدہ بجٹ بنایا جائے گا۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ آج جو ادارے آپ کا تحفظ کرتے ہیں ان کو توڑا جا رہا ہے۔ عوام پریشان اور دکھی ہیں۔ بی جے پی نے سچائی اور خدمت کی سیاست چھوڑ دی ہے۔ کانگریس کی حکومت آنے پر 12 ویں جماعت تک تعلیم مفت دی جائے گی۔ میری سمجھ سے سب سے بڑا نیشلزم یہی ہے کہ آپ عوام کے درمیان جائیں اور ان کے مسائل کو سنیں۔
انہوں نے ریلی میں موجود لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آپ کانگریس امیدوار ساوتری بائی پھولے کو کامیاب بنائیں گے تو بہرائچ کے مسائل حل ہوں گے۔ آنے والے وقت میں ہماری حکومت بنتی ہے تو سب سے پہلے اس حلقے میں جو سیلاب متاثرین ہیں ان کے لئے مناسب اقدام کیے جائیں گے اور زمینی طور پر اس کی لڑائی لڑی جائے گی۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آنے والے وقت میں طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔