پی ایم مودی نے جھوٹی قوم پرستی کا مکھوٹا پہن رکھا ہے: سرجےوالا

بی جے پی کے قومی صدر پر پوچھے ایک سوال پر سرجے والا نے کہا کہ امت شاہ جب سے تہاڑ جیل گئے ہیں تب سے غیر ذمہ دارانہ باتیں کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے انہیں ریاست بدر کیا تھا۔

رندیپ سرجے والا
رندیپ سرجے والا
user

یو این آئی

جے پور: کانگریس کے قومی ترجمان رنديپ سرجےوالا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر قومی سلامتی اور ملک کے ساتھ کھیلواڑ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جھوٹی قوم پرستی کا مکھوٹا پہن رکھا ہے۔

سرجے والا نے آج یہاں صحافیوں سے کہا کہ قوم پرستی کا ڈھول پیٹنے والے پی ایم مودی نے ملک کے ساتھ کھیلواڑ کیا ہے۔ اسٹریٹجک مفادات کو نظرانداز کر دیا، وہیں فوج اور فوجیوں کے مفادات کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔ بہادر جوانوں کی قربانی پر سیاسی روٹیاں تو سینكی، مگر انہیں مایوسی ہاتھ لگی۔ فوج اور فوجیوں کے ساتھ اس ناانصافی کے باوجود فوج کی بہادری کا کریڈٹ لینے کی دوڑ ہے اور پی ایم مودی نے جھوٹی قوم پرستی کا مکھوٹا پہن رکھا ہے۔


انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ صاف ہے کہ پورے ملک میں کسان بے حال ہیں، نوجوان بےروزگار ہیں اور تاجروں کا دھندہ جی ایس ٹی اور نوٹ کی منسوخی کی وجہ سے برباد ہو گیا ہے۔ دلتوں کے حقوق پر سخت حملہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں معیشت پٹری سے اتر گئی ہے۔ مودی کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہے۔ قوم پرستی کو انتخابی ہتھیار بنا کر ذاتی سیاسی مفاد والے پی ایم مودی اور بی جے پی کی اصلیت بے نقاب کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

سرجے والا نے پی ایم مودی سے کانگریس کے پندرہ سوال پوچھے ہیں جن میں پلوامہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملہ انٹیلی جنس کے نظام کی ناکامی اور فوج کی جرات کا کریڈٹ لینے کی گھناؤنی کوشش تھی۔ انہوں نے پلوامہ حملے کو قومی سالمیت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔


انہوں نے کہا کہ کانگریس کو فوج پر فخر ہے کہ اس نے پلوامہ حملے کا جواب دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پلوامہ حملے سے پہلے انٹیلی جنس اطلاع مل جانے کے بعد بھی نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے فوجیوں کی جراتوں کو نظر انداز کیا۔ فوج کو پیسہ دستیاب نہیں کرایا گیا۔

انهوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ملک میں بڑے آٹھ بم دھماکے ہوئے، جن میں سینکڑوں شہری اور فوجی شہید ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے شمال جنوبی ڈوكلام پر قبضہ کر لیا۔ کیا یہ صاف نہیں ہے کہ دفاعی نظام خطرے میں ہے۔


سرجےوالا نے مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے بیان پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بی جے پی کی پاکستان کے تئیں کوئی پالیسی نہیں ہے۔ پٹھان کوٹ حملے کے بعد پاکستان کی آئی ایس آئی کو بلانا، کیا یہ پاکستان کے تئیں پالیسی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو دہشت گردوں کو پناہ دینے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسی واضح ہے اور متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت نے پانچ سال میں ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا۔

بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ پر پوچھے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ امت شاہ جب تہاڑ جیل گئے تھے تب سے غیر ذمہ دارانہ باتیں کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے انہیں ریاست بدر کیا تھا۔ وہ بےتكی باتیں کرتے ہیں، وہ دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے سمیت عوام سے کیے دیگر مسائل کو پورا نہ کرنے کے بارے میں کچھ نہیں بولیں گے۔


انہوں نے کہا کہ کیا روزی، روٹی، روزگار، محروم اور دلتوں کی حفاظت کرنا یہ قوم پرستی نہیں ہے، لیکن جنہوں نےجھوٹی قوم پرستی کا مکھوٹا پہن رکھا ہے، وہ نہیں سمجھتے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Apr 2019, 8:10 PM