مودی نے ملک کا وقار گھٹایا ہے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ پی ایم مودی نے کورونا سے لڑنے کے لیے کسی کا مشورہ تسلیم نہیں کیا اور تکّبر کے سبب ماہرین کی رائے کو بھی نظر انداز کر دیا، جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیراعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے لیے ایڈورٹیزمنٹ سسٹم (نظامِ اشتہار) کے طور پر کام کرتی ہے اور کورونا وبا کے دوران انہوں نے جو کردار ادا کیا، اس سے ملک کا وقار کم ہوا ہے۔

پرینکا واڈرا نے اپنی مہم ’ذمہ دار کون‘ کے تحت ہفتے کے روز یہاں جاری ایک بیان میں پی ایم مودی کو نا اہل وزیراعظم اور ناکام حکمراں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے اشہتار پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی ڈرپوک شخص کی طرح برتاؤ کرتے ہیں اور انہوں نے ملک کے وقار کو زک پہنچائی ہے۔ ان کے لیے ملک کے شہری نہیں بلکہ سیاست اہم ہوتی ہے۔ وزیراعظم کے لیے سچ کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ پروپیگنڈہ پر زیادہ یقین کرتے ہیں۔

کانگریس کے رہنما نے کہا پوری دنیا حکومت کرنے کی ان کی اہلیت کو پہچانتی ہے۔ ملک کے عوام کو انہوں نے جو سبز باغ دکھائے تھے، اس کی قلعی کھل چکی ہے اور یہی درست وقت ہے کہ پی ایم مودی سے پوچھا جائے کہ ملک کی بدحالی کے لیے ذمہ دار کون ہے۔


انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کو وبا کے خلاف بہادری سے لڑنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے کورونا سے لڑنے کے لیے کسی کا مشورہ تسلیم نہیں کیا اور تکّبر کے سبب ماہرین کی رائے کو بھی نظر انداز کر دیا جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔