مودی حکومت نے انعام یافتہ فنکاروں سے بنگلہ خالی کرانا شروع کیا

1970 کی دہائی میں کئی معزز فنکاروں کو بے حد کم کرایہ پر 3 سال کے معاہدہ پر دہلی میں گھر الاٹ کیے گئے تھے، اس معاہدہ کی ہر 3 سال بعد تجدید ہو رہی تھی، لیکن سال 2014 کے بعد ان معاہدوں کو رد کر دیا گیا۔

اوڈیسی ڈانس فنکار گرو مایادھر راؤت
اوڈیسی ڈانس فنکار گرو مایادھر راؤت
user

قومی آواز بیورو

مرکز کی مودی حکومت نے مختلف انعامات سے سرفراز ان فنکاروں سے سرکاری بنگلوں کو خالی کرانے کا عمل شروع کر دیا ہے جنھیں 1970 کی دہائی میں دہلی کے کھیل گاؤں علاقے میں کرایہ پر سرکاری بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا۔ ان میں کئی پدم اور سنگیت ناٹک اکادمی ایوارڈ سے سرفراز فنکاروں کے نام شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ منگل کو افسران نے 91 سال ضعیف اوڈیسی ڈانسر گرو مایادھر راؤت کا سامان نکال کر گھر سے باہر سڑک پر رکھ دیا۔

اوڈیسی ڈانس فنکار گرو مایادھر راؤت کو 2010 میں صدر جمہوریہ کی طرف سے اوڈیسی رقص کو شاستریہ سنگیت کا درجہ دلانے میں اہم کردار نبھانے کے لیے پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ یہ ملک کا چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ راؤت کو بنگلہ خالی کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔ راؤت نے محکمہ رہائش کے افسران پر مناسب وقت نہیں دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ حالانکہ حکومت نے اس تعلق سے اپنی وضاحت بھی پیش کی ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں 8 دیگر سینئر فنکاروں سے بھی ایسے بنگلے خالی کرائے جانے ہیں۔ مرکزی وزارت برائے رہائش و شہری امور کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ 28 فنکاروں میں سے اب بھی تقریباً 8 ایسے ہیں جو کئی نوٹس کے باوجود سرکاری رہائش کو خالی نہیں کر رہے ہیں۔ افسر نے کہا کہ ان آٹھ فنکاروں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ اپنے بنگلے خالی کرنے کے عمل میں ہیں اور کچھ اور دنوں کی طلب ہے۔ انھوں نے ہمیں تحریر دیا ہے کہ وہ 2 مئی تک رہائش خالی کر دیں گے، اس لیے ہم نے انھیں تب تک کا وقت دیا ہے۔

واضح رہے کہ 1970 کی دہائی میں کئی مشہور فنکاروں کو بے حد کم کرایہ پر حکومت کی طرف سے 3 سال کے معاہدے پر دہلی میں گھر الاٹ کیے گئے تھے۔ اس معاہدہ کی ہر تین سال پر تجدید ہوتی رہتی تھی۔ سال 2014 کے بعد سبھی فنکاروں کے معاہدے کی مدت کو نہیں بڑھایا گیا اور اسے رد بھی کر دیا گیا، جس کے بعد فنکاروں پر گھر خالی کرنے کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔


رہائش اور شہری امور کی وزارت نے ان فنکاروں کو 2020 میں ان گھروں کو خالی کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔ حکومت کے نوٹس پر کتھک کے مشہور فنکار آنجہانی برجو مہاراج، دھروپد بجانے والے وصیف الدین ڈاگر، کچی پوڑی گرو جئے رام راؤ اور موہنیٹم بجانے والے بھارتی شیواجی سمیت کئی فنکاروں نے عدالت کا رخ کیا تھا۔ اس پر دہلی ہائی کورٹ نے انسانی بنیاد پر سبھی لوگوں کو گھر خالی کرنے کے لیے 25 اپریل 2022 تک کا وقت دیا تھا۔ ان 28 میں سے 17 فنکار اپنے گھر خالی کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔