مودی حکومت رافیل گھپلے کی جے پی سی جانچ سے بچ نہیں سکتی: کانگریس
سابق مرکزی وزیر دفاع اے کے انٹونی کا کہنا ہے کہ جب فرانس کی حکومت رافیل سودے کی جانچ کراسکتی ہے تو ہندوستانی حکومت اس کی جانچ میں کیوں تاخیر کررہی ہے۔
نئی دہلی: رافیل سودے کو لے کر فرانس میں شروع ہوئی جانچ کے بعد کانگریس لگاتار مرکز کی مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ آج ایک بار پھر اس نے کہا ہے کہ حکومت کو رافیل لڑاکو طیارے خریداری گھپلے کی ذمہ داری لیتے ہوئے معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے جانچ کرانی چاہیے اور اسے سمجھنا چاہیے کہ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آر جے ڈی کے 25ویں یوم تاسیس پر لالو یادو کا ’اعلانِ جنگ‘
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے پیر کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ رافیل لڑاکو طیارہ خریداری سودے میں ہوئی گڑبڑی کے سلسلے میں فرانس کی حکومت نے 48 گھنٹے قبل عدالتی جانچ کے حکم دیئے ہیں لیکن وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور کچھ کہنے کو تیار نہیں ہیں۔
انٹونی نے کہا کہ جب فرانس کی حکومت اس معاملے کی جانچ کراسکتی ہے تو ہندوستانی حکومت اس کی جانچ میں کیوں تاخیر کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کو سمجھ لینا چاہیے کہ رافیل طیارے میں ہوئی گڑبڑی کی جانچ صرف جے پی سی کو ہی کرنی چاہیے اور اس کا کوئی اور متبادل نہیں ہے، اس لئے حکومت کو فوراً جے پی سی کی تشکیل کا اعلان کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : آر ایس ایس کے قول اور فعل میں زمین آسمان کا فرق: مایاوتی
سابق وزیر دفاع نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہیے کہ اس نے کانگریس حکومت کی مدت کار میں ہوئے رافیل خریداری کے سمجھوتے کے تحت 126 طیاروں کی جگہ صرف 26 طیاروں کی خریداری کے سودے کو منظوری کیوں دی۔ انہوں نے کہا کہ اسے ہندوستانی عوام کو یہ بھی بتانا چاہیے کہ اس سودے کی شرائط میں کس وجہ سے تبدیلی کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔