’مودی حکومت کی ملک فروخت کرو مہم کا جواب بھارت بچاؤ مہم ہے‘

یوم اگست کرانتی کو ’بھارت بچاؤ‘ دن کے طور پر منایا، اس موقع پر مختلف تنظیموں کے کارکنان نے آزادی کے شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی مزدور مخالف پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

ہلدوانی: اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع کے ہلدوانی میں مختلف ٹریڈ یونینوں اور تنظیموں کے کارکنوں نے اتوار کو اگست کرانتی کے دن کو بھارت بچاؤ کے دن کے طور پر منایا۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کے کارکنان نے آزادی کے شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی مزدور مخالف پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔

اس دوران شہر کے بدھ پارک میں ہلکی بارش کے دوران صبح گیارہ بجے منعقدہ پروگرام میں آل انڈیا سنٹرل کونسل برائے ٹریڈ یونین (اے آئی سی سی ٹی یو)، کرانتی کاری لوک ادھیکار سنگٹھن (کرالوس)، انشورنس ایمپلائز یونین، اتراکھنڈ آشا ہیلتھ ورکرز یونین، شہڈول کے سنسیرا مزدور تنظیم، پرگتی شیل مہیلا ایکتا کیندر اور ٹرازیشنل اسٹوڈینٹ آرگنائزیشن نے حصہ لیا۔


پروگرام کے بعد تمام تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا کہ ’’کورونا دور میں کارکنوں کو کوئی تحفظ نہیں دیا جارہا ہے۔ مرکزی حکومت عالمی وبا کی آڑ میں لیبر قوانین کو ختم کرنے، ریلوے، لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا سمیت 42 عوامی انڈر ٹیکنگس کو فروخت کرنے میں مصروف ہے، لہذا مودی حکومت کی اس ملک کو فروخت کرو مہم کا جواب بھارت بچاؤ مہم ہے‘‘۔

پروگرام کے دوران اے سی سی ٹی یو سے وابستہ اتراکھنڈ آشا ہیلتھ ورکرز یونین کے کارکنوں کی تین روزہ ہڑتال کے اختتام پر یونین کے ریاستی جنرل سکریٹری، کامریڈ ڈاکٹر کیلاش پانڈے نے آشاؤں کو کامیاب ہڑتال پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آشاؤں نے ملک بھر میں اتحاد اور جدوجہد کی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار تین روزہ قومی ہڑتال کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ اپنے تنظیمی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے سبھی آشا یوینوں نے مرکزی حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر آکر جس اتحاد کا ثبوت دیا ہے وہ مستقبل میں آشاؤں کو باقاعدہ بنانے اور کم از کم اجرت کی لڑائی جیتنے میں کارگر ثابت ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔