مودی حکومت تلنگانہ مخالف رویہ اختیار کر رہی: وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھرراؤ نے کہا کہ ہر حال میں ’دلت بندھو اسکیم‘ پر عمل ہو کر رہے گا، ہم ریاست میں ایسے پروگرام شروع کر رہے ہیں جن پر ملک میں کہیں عمل نہیں ہوتا ہے۔

چندرشیکھرراؤ، تصویر آئی اے این ایس
چندرشیکھرراؤ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھر راو نے مرکز کی مودی حکومت پر مخالف تلنگانہ رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ دریائے کرشنا کے پانی کی تقسیم کے معاملے میں تلنگانہ سے ناانصافی ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کرشنا ندی کا پانی ریاست کو غیر قانونی طور پر منتقل کر رہی ہے۔

ناگرجناساگر اسمبلی حلقہ کے دورہ کے موقع پر ہالیہ علاقہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے اعلان کیا کہ ضلع نلگنڈہ میں 15 لفٹ ایریگشن اسکیم منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ڈیڑھ سال میں مکمل ہو جائیں گی۔ وہ آنے والے دنوں میں کرشنا ندی کے پانی سے استفادہ کے مسئلہ پر کسی بھی قسم کی پریشانی کو روکنے کے اقدامات کریں گے۔


وزیراعلی نے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انھیں کورونا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے حلقہ کا دورہ کرنے میں انھیں تاخیر ہوئی ہے۔ وزیراعلی نے اعلان کیا ہے کہ ناگرجنا ساگر حلقہ کی ترقی کے لیے 150 کروڑ روپے منظور کیے جائیں گے۔ ہالیہ اور نندی کونڈا بلدیات کی ترقی کے لیے فی کس 15 کروڑ روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ہالیہ میں ایک ڈگری کالج اور ایک منی اسٹیڈیم منظور کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر چندرشیکھرراو نے کہا کہ ہر حال میں دلت بندھو اسکیم پر عمل ہو کر رہے گا۔ ہم ریاست میں ایسے پروگرام شروع کر رہے ہیں جن پر ملک میں کہیں عمل نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ نندی کونڈہ میونسپل کوارٹرز اور آبپاشی کی زمینوں میں رہنے والوں کی زمینوں کو باقاعدہ بنایا جائے گا۔ ہم مستحقین میں ایک مہینے کے اندر پٹہ جات حوالے کریں گے۔ ناگرجناساگر حلقہ میں بڑے پیمانے پر بنجارہ طبقہ کے افراد رہتے ہیں۔ ہم ان کے لیے بنجارہ بھون بنائیں گے۔


وزیراعلی نے الزام لگایا کہ کسانوں کو 24 گھنٹے معیاری بجلی فراہم کرنے کے اعلان پر تلنگانہ کانگریس کے لیڈر جانا ریڈی نے گمراہ کن وعدہ قرار دیا تھا، لیکن ہم نے یہ کام کر دکھایا۔ اب ہم دلت بندھو اسکیم پر کم از کم ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کریں گے۔ تلنگانہ کا ایس سی طبقہ ملک کے لیے مثالی بن جائے گا۔ ریاست میں تقریباً 17 لاکھ خاندان ہیں۔ ان میں سے تقریباً 12 لاکھ دلت بندھو کے اہل ہیں۔ ہم بینک سے بغیر کسی تعلق کے دلت بندھو کے تحت ہر اہل خاندان کو 10 لاکھ روپے فراہم کریں گے۔ ہر حلقے میں کم از کم 100 خاندانوں کو امداد کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ہم ہر حال میں دلت بندھو کو نافذ کریں گے اور دکھائیں گے۔ وہ خود اس کی نگرانی کریں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ عوام کی مکمل حمایت انہیں حاصل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔