مودی حکومت نے شروع کی معاشی دہشت گردی، ہمارے کھاتوں پر ڈاکہ ڈالا گیا! کانگریس

پریس کانفرنس کے دوران کانگریس رہنما نے کہا، ’’مودی حکومت نے ہمارے خلاف معاشی دہشت گردی کا آغاز کیا ہے، کراؤڈ فنڈنگ کے ذریعے جمع کیے گئے ہماری 65.88 کروڑ روپے ضبط کر لیے گئے ہیں‘‘

<div class="paragraphs"><p>کانگریس کے خزانچی اجے ماکن / ویڈیو گریب</p></div>

کانگریس کے خزانچی اجے ماکن / ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے انڈین نیشنل کانگریس کے متعدد کھاتوں کو منجمد کرنے اور اس کی جمع رقم میں سے تقریباً 65 کروڑ روپے نکال لینے کے معاملہ میں پارٹی نے مودی حکومت پر سخت حملہ بولا ہے۔ کانگریس پارٹی کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ مودی حکومت نے معاشی دہشت گردی شروع کر دی ہے اور پارٹی کے کھاتوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ پریس کانفرنس میں کانگریس کے خزانچی اجے ماکن، پارٹی کے جنرل سکریٹری انچارج جے رام رمیش اور جنرل سکریٹری انچارج تنظیم کے سی وینوگوپال موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں مودی حکومت کی طرف سے کانگریس پارٹی پر 'ٹیکس دہشت گرد' حملے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی کو مالی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ یہ کانگریس پارٹی کا معاشی طور پر قتل نہیں ہے بلکہ عوام کے سامنے جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے احتجاج اور بے روزگاری پر نوجوانوں کے عدم اطمینان سے بوکھلا گئی ہے۔


وہیں، کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا کہ کچھ دن پہلے میں نے پریس کانفرنس میں آپ کے ساتھ معلومات شیئر کی تھیں کہ کس طرح کانگریس کے تمام بینک اکاؤنٹس کو ضبط کیا گیا۔ آج بڑے دکھ کے ساتھ مجھے ملک کے عوام کو بتانا پڑ رہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے تمام اپوزیشن پارٹیوں اور اہم اپوزیشن پارٹی کے خلاف معاشی دہشت گردی شروع کر دی ہے۔

اجے ماکن نے کہا، ’’ہمارے 65.88 کروڑ روپے پرسوں بی جے پی حکومت کی انکم ٹیکس اتھارٹی نے ڈاکہ ڈال کر ہمارے پارٹی کارکنوں کی رقم جو انہوں نے کراؤڈ فنڈنگ کے تحت یو پی آئی کے ذریعے بھیجی تھی، ضبط کر لی گئی ہے۔ پانچ اکاؤنٹس ہیں، جن کی رقم حاصل کر لی گئی ہے۔ جس دن ہمیں نوٹس ملا ہم انکم ٹیکس ٹربیونل گئے تھے۔ ٹریبونل نے 21 تاریخ کو سماعت کی، اس سے ایک دن پہلے انکم ٹیکس حکام نے ہر بینک کا دورہ کیا، منیجرز کو دھمکی دی کہ اگر آپ ہمیں نہیں دیتے تو ہم آپ سے ذاتی طور پر یہ رقم وصول کر لیں گے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے ڈیمانڈ ڈرافٹ کے ذریعے ان پانچ بینک کھاتوں سے 65.88 کروڑ روپے وصول کیے ہیں۔‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ انکم ٹیکس کے ذریعے ضبط کی گئی رقم میں 4 کروڑ 20 لاکھ 35 ہزار روپے یوتھ کانگریس کے ہیں، ایک کروڑ 43 لاکھ 98 ہزار روپے این ایس یو آئی کے ہیں اور باقی 60 کروڑ روپے کانگریس کے بینک کھاتوں بینک آف بڑودہ، یونین بینک اور پنجاب نیشنل بینک سے حاصل کئے گئے ہیں۔

ماکن نے کہا، ’’سیاسی جماعتوں کو محکمہ انکم ٹیکس سے چھوٹ ملتی ہے۔ جہاں تک افراد کا تعلق ہے، ہر شخص انکم ٹیکس ادا کرتا ہے، لیکن سیاسی پارٹیاں انکم ٹیکس ادا نہیں کرتی ہیں۔ اگر آپ موازنہ کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کانگریس کا موازنہ بی جے پی سے کر سکتے ہیں۔ موازنہ کریں۔ کیا بی جے پی نے کبھی انکم ٹیکس ادا کیا؟ کیا کبھی انکم ٹیکس بی جے پی سے لیا گیا؟ ہمارے پاس جو پیسہ آتا ہے وہ ملک کی جمہوریت کو زندہ رکھنے کے لیے خرچ کیا جاتا ہے۔‘‘


وہیں، کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس کے کھاتوں کی رقم حاصل کرنے کے لیے بینکوں پر دباؤ ڈالا گیا اور جمع شدہ رقم دینے پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے کہا، ’’لوک سبھا انتخابات سے پہلے حکومت نے ہمارے کھاتے ہائی جیک کر لئے ہیں۔ ہمارے 65 کروڑ روپے منتقل کیے گئے ہیں۔ یہ کانگریس یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے کھاتوں سے لیے گئے ہیں۔ ہندوستان کی احتجاج کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔