مودی حکومت نے مجھ پر 24 کیس کیے، یہ میرے سینے پر 24 میڈل ہیں: راہل گاندھی
تلنگانہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی مرکز میں اڈانی کی حکومت چلاتے ہیں اور تلنگانہ میں کے سی آر اپنی فیملی کی حکومت چلاتے ہیں۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اتوار کے روز تلنگانہ میں ایک عظیم الشان عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سے لڑنے کے سبب ان کے (راہل گاندھی) اوپر 24 کیسز ہیں، ان کی لوک سبھا رکنیت رد کر دی گئی، گھر چھین لیا گیا۔ یہ کیس ان کے سینے پر لگے 24 میڈل ہیں۔ لیکن وزیر اعلیٰ کے سی آر پر نہ کوئی کیس ہے اور نہ ہی سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمہ کوئی کارروائی کرتی ہے۔ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ کے سی آر کے درمیان پارٹنرشپ ہے، دونوں ایک ہیں۔
تلنگانہ میں نوجوانوں سے ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ ہفتہ کے روز تلنگانہ کے نوجوانوں سے ملے تھے۔ نوجوان پیسہ بھر کر پڑھائی کرتے ہیں، کوچنگ لیتے ہیں اور بی آر ایس حکومت ہر بار پیپر لیک کروا دیتی ہے۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا ہے۔ بی آر ایس حکومت نوجوانوں کا مستقبل برباد کر رہی ہے۔
بی جے پی، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم کی ملی بھگت کو ظاہر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ جہاں بھی کانگریس انتخاب لڑتی ہے، وہاں اے آئی ایم آئی فوراً بی جے پی کی مدد کرنے کے لیے اپنے امیدوار اتارتی ہے۔ کے سی آر لوک سبھا میں وزیر اعظم مودی کی مدد کرتے ہیں اور وزیر اعظم مودی تلنگانہ میں وزیر اعلیٰ کے سی آر کی مدد کرتے ہیں۔ کانگریس کا پہلا ہدف تلنگانہ میں بی آر ایس کو شکست دینا ہے، پھر اس کے بعد کانگریس مرکز میں مودی حکومت کو شکست دینے جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر کی قیادت والی بی آر ایس حکومت کو ہندوستان کی سب سے بدعنوان حکومت بتاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کے سی آر ہندوستان کی سب سے بدعنوان حکومت چلاتے ہیں اور نقصان تلنگانہ کی عوام کو ہوت اہے۔ وزیر اعظم مودی مرکز میں اڈانی کی حکومت چلاتے ہیں اور اڈانی میں کے سی آر اپنی فیملی کی حکومت چلاتے ہیں۔‘‘ بی آر ایس حکومت کی بدعنوان حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر پوچھتے ہیں کہ کانگریس پارٹی نے کیا کیا ہے؟ لیکن آج سوال یہ ہے کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے لیے کیا کیا ہے؟ تلنگانہ میں سب سے بدعنوان وزارت کے سی آر فیملی کے پاس ہے۔ دھرنی پورتل سے لاکھوں لوگوں کی زمین چرائی گئی۔ کے سی آر نے یہ زمین غریب عوام سے چھینی ہے اور اپنے دوستوں کو دے دی۔ تلنگانہ میں آٹھ ہزار کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ دلت بندھو اسکیم میں بی آر ایس رکن اسمبلی تین لاکھ روپے کا کمیشن لیتے ہیں۔
کانگریس کی گارنٹیوں کو شمار کراتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے جتنا پیسہ تلنگانہ کی عوام سے لوٹا ہے، اتنا پیسہ کانگریس پارٹی کی حکومت عوام کی جیب میں ڈالنے جا رہی ہے۔ کانگریس کی حکومت بننے پر یہ سبھی وعدے پہلی کابینہ کی میٹنگ میں قانون میں بدل جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔