مودی نے وارانسی میں سینکڑوں مندروں کو منہدم کرایا: سنجے نروپم
نروپم نے کہا کہ ’’ آج دکھ ہو رہا ہے کہ جو ہندو کی بات کرے گا وہ ہندوستان پر راج کرے گا‘ کی بات کرنے والے مودی ہمارے مندروں کو تڑوا رہے ہیں اوربابا وشوناتھ کے درشن کے لئے 550 روپئے کا چارج لگارہے ہیں۔
وارانسی: کانگریس کے سینئر لیڈر سنجے نروپم نے وزیراعظم نریندر مودی پر قدیم شہر کاشی وشوناتھ مندر میں بابا بھولے کے درشن کے لئے فیس لگانے اور سیاسی فائدے کے لئے کاریڈور کی تعمیر کے بہانے سینکڑوں مندروں کو توڑنے کا سنگین الزام لگایا ہے۔
وارانسی لوک سبھا سیٹ کے چوک علاقے میں کانگریس امیدوار اجے رائے کے لئے اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے احساس ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگوں نے ایک ایسے شخص کواپنا نمائندہ منتخب کیا ہے جس کے اشارے پر بنارس میں کاریڈور کے نام پر سینکڑوں مندروں کو نیست ونابود کردیا گیا اور بابا وشوناتھ کے درشن کے لئے 550 روپئے کا جارچ لگایا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ پی ایم مودی کا غرور ہر طرف صاف دکھائی دے رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی فائدے کے لئے وہ ملک کی خدمت کرتے ہوئے شہید وزیر اعظم راجیو گاندھی پر ناشائستہ تبصرہ کرکے شہیدوں کی بے عزتی کرنے سے بھی نہیں چوکتے۔ سیاسی فائدے کے لئے وہ مذہب، سماج اور سیاست ہر شعبے کی ’لکشمن ریکھا‘ پار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وارانسی اور ملک کی عوام کے لئے یہی صحیح وقت ہے جب ان کو ان کے کرتوتوں کا صحیح جواب دیا جائے۔ انہیں کامل یقین ہے کہ ’تانا شاہی رویہ ‘سے پریشان ملک کی عوام پی ایم مودی کو اقتدار سے باہر کا راستہ دکھائیں گے۔
اپنے متنازع بیان کے لئے ہمیشہ سرخیوں میں رہنے والے سنجے نروپم یہیں نہیں رکے بلکہ انہوں نے مغل شہنشاہ اورنگ زیب پر مندروں کے توڑنے کا الزام لگاتے ہوئے اس ضمن میں مودی کی تشبیہ اورنگ زیب سے کرتے ہوئے مودی کو مندروں کے معاملے میں اورنگ زیب سے خطر ناک قرار دیا۔ قابل ذکر ہے کہ ابتداء سے ہی مسخ تاریخ کے ذریعہ اورنگ زیب پر ہندو مخالف ہونے اور مندروں کے توڑنے کے الزاما ت لگا ئے جاتے رہے ہیں۔
نروپم نے کہا کہ ’’ آج دکھ رہا ہے کہ جو ہندو کی بات کرے گا وہ ہندوستان پر راج کرے گا‘ کی بات کرنے والے نریندر مودی ہمارے مندروں کو تڑوا رہے ہیں اور بابا وشوناتھ کے درشن کے لئے 550 روپئے کا چارج لگارہے ہیں ایسے لوگوں کی بھی کڑی مذمت کرتا ہوں۔
نروپم نے کہا کہ مودی کے تانا شاہ رویہ کے وجہ سے ملک کے متعدد مذہبی، سماجی اور سیاسی پارٹیاں متحد ہو رہی ہیں اور ان کے سربراہ وارانسی آکر رائے کو اپنی حمایت دے رہے ہیں تاکہ وارانسی کا تحفظ کیا جاسکے۔ انہوں نے وارانسی کے لوگوں سے کانگریس امیدوار کو بھاری ووٹوں سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔