شمالی ہند کے لوگوں کو تحفظ دینے میں ناکام مودی اور روپانی اقتدار چھوڑیں: کانگریس
پرینکا چترویدی نے کہا کہ گجرات میں ایک بچی کی عصمت دری کے واقعہ کے بعد اترپردیش، بہار اور مدھیہ پردیش کے لوگوں کو مار پیٹ کر بھگایا جا رہا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے گجرات میں اترپردیش، بہار اور مدھیہ پردیش کے لوگوں کو ڈرانے اور دھمکائے جانے کے معاملے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی اور گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی ان لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو انہیں اقتدار سے دستبردار ہوجانا چاہیے۔
کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے گزشتہ روز پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ گجرات میں ایک بچی کی عصمت دری کے واقعہ کے بعد اترپردیش، بہار اور مدھیہ پردیش کے لوگوں کو مار پیٹ کر بھگایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے مہاراشٹر اور آسام میں بہار اور اترپردیش کے باشندوں کو باہر جانے کے لیے کہا گیا تھا۔ سکم میں بھی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والی ریاستوں میں پیش آئے ہیں۔ بی جے پی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ دوسری ریاستوں سے لوگ کسی ریاست میں جاتے ہیں تو وہاں کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کو اترپردیش کے عوام نے وارانسی سے منتخب کر کے وزیراعظم بنایا ہے اور بہار کے عوام سے انہوں نے ووٹ مانگے ہیں۔ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کس منھ سے ووٹ مانگے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی اگر بہار اور اترپردیش کے باشندوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے ہیں تو انہیں اقتدار سے ہٹ جانا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Oct 2018, 9:12 AM