اب ووٹرس ایک دن قبل ہی کر سکیں گے ووٹنگ کے وقت کی بُکنگ
رائے دہندگان کی سہولت کے لیے چیف الیکٹورل افسر نے ’کیولیس‘ موبائل ایپ تیار کیا ہے اور اس سے معذور افراد ضروری مدد، مثلاً گاڑی کی سہولت اور ضروری سامان وغیرہ کے لئے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔
بھوپال: مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں اس بار رائے دہندگان کو لمبی قطارسے نجات مل سکے گی۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق رائے دہندگان کی سہولت کے لئے چیف الیکٹورل افسرنے ’کیولیس‘ موبائل ایپ تیار کی ہے۔ اس موبائل ایپ کی مدد سے ہر ایک ووٹر پولنگ مرکز پر ووٹ ڈالنے کیلئے جانے سے پہلے ٹوکن حاصل کرسکتا ہے ۔ اس کے بعد اپنی باری آنے پر وہ ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ مرکز میں داخل ہوسکتا ہے۔
اس موبائل ایپ کا استعمال پولنگ مرکز کے باہر واقع ووٹر مدد بوتھ پر موجود بی ایل او کے ذریعہ کیا جائے گا۔ ووٹر بی ایل او کے پاس پہنچ کر اپنا ایپک نمبر یا پولنگ فہرست میں درج اپنے نمبر کو بتائے گا۔ بی ایل او اس نمبر کی مدد سے ووٹر کو ٹوکن نمبر جنریٹ کرکے دے گا۔ اپنا ٹوکن نمبر حاصل ہونے پر ووٹر پولنگ مرکز کے نزدیک بنائے گئے ویٹنگ روم میں بیٹھ کر اپنی باری کا انتظار کریں گے۔ پولنگ مرکز پر ووٹر کی باری آنے پر انہیں ووٹ ڈالنے کیلئے انہیں بلایا جائے گا اور وہ ووٹ ڈال سکیں گے۔
اس بار معذور افراد کو آسانی سے ووٹ ڈالنے کی سہہولت فراہم کرنے کے لئے بھی چیف الیکٹورل افسر مدھیہ پردیش بھوپال کے ذریعہ ’سوگمے ویب سائٹ اور موبائل ایپ تیار کی گئی ہے۔ سوگمے ایپ میں ایسے تمام معذور افراد کا رجسٹریشن کیا جائے گا جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔ ایپ کے ذریعہ معذور افراد کو ضروری مدد جیسے گاڑی کی سہولت، مددگار، ضروری سامان وغیرہ کے لئے رجسٹریشن کرسکتے ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعہ رجسٹریشن ہونے پر معذور افراد کو قطار میں لگے بغیر ووٹ ڈالنے کی سہولت دی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Nov 2018, 2:09 PM