بہار: بچہ چوری کے شبہ میں خاتون کی موب لِنچنگ

خبروں کے مطابق جمعرات کی صبح ذہنی طور پر معذور خاتون ایک گھر میں داخل ہو گئی تھی جسے دیکھ کر ایک فرد نے ہنگامہ کر دیا۔ شور کی وجہ سے مقامی لوگ جمع ہو گئے اور خاتون کو بچہ چور سمجھ کر پیٹنے لگے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات کے درمیان ایک بار پھر بہار واقع ویشالی ضلع سے موب لنچنگ کی خبر موصول ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کی علی الصبح ایک خاتون ہجومی تشدد کا شکار ہو گئی۔ واقعہ ویشالی ضلع کے سہدیئی بزرگ واقع شاہ پور توئی کا ہے جہاں بچہ چوری کے شبہ میں مردوں کے ساتھ ساتھ مقامی خواتین نے بھی ایک ایسی خاتون کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر معذور تھی۔ موب لنچنگ کی اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور پورے معاملے کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔

خبروں کے مطابق جمعرات کی صبح خاتون ایک گھر میں داخل ہو گئی تھی جسے دیکھ کر ایک فرد نے ہنگامہ کر دیا۔ شور کی وجہ سے مقامی لوگ جمع ہو گئے اور خاتون کو بچہ چور سمجھ کر پیٹنے لگے۔ اس دوران لوگ اس قدر مشتعل تھے کہ انھیں یہ بھی خیال نہیں رہا کہ پٹائی کی وجہ سے خاتون کی جان چلی گئی۔ خاتون کے بارے میں پتہ کرنے پر معلوم ہوا کہ غالباً وہ ذہنی طور پر معذور تھی اور کئی دنوں سے سہدیئی، منگل ہاٹ، سرائے دھنیش وغیرہ علاقے میں گھوم رہی تھی۔


جب معاملے کی خبر سہدیئی بزرگ او پی صدر اعزاز احمد کو ملی تو وہ پولس دستہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے لاش کو صدر اسپتال حاجی پور بھیج دیا۔ واقعہ میں شامل لوگوں کی شناخت کے لیے پولس نے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں چل سکا ہے کہ آخر موب لنچنگ کی شکار خاتون کا نام کیا ہے اور وہ کہاں کی رہنے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Aug 2019, 2:10 PM