بی جے پی میں داغیوں کی انٹری پر پوچھا گیا سوال، تو متھن چکرورتی نے چھوڑا انٹرویو، دیکھیں ویڈیو

اداکار سے لیڈر بنے متھن نے اتوار کے روز کولکاتا کے بریگیڈ گراؤنڈ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی سے ٹھیک پہلے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ پی ایم جب اسٹیج پر پہنچے تو متھن نے ان کا استقبال بھی کیا۔

متھن چکرورتی، تصویر یو این آئی
متھن چکرورتی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

کولکاتا واقع بریگیڈ گراؤنڈ میں اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی سے ٹھیک پہلے اداکار سے لیڈر بنے متھن چکرورتی نے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ پھر جب وزیر اعظم اسٹیج پر پہنچے تو متھن نے ان کا استقبال بھی کیا۔ لیکن بی جے پی جوائن کرنے کے پہلے ہی دن متھن دا کو ایک انٹرویو کے دوران کچھ سخت سوالات سے دو چار ہونا پڑا۔ متھن دا اس وقت بہت زیادہ پریشان ہو گئے جب ٹی وی چینل پر ان سے بی جے پی میں داغیوں کی انٹری کو لے کر سوال پوچھا گیا۔ ان کا کہنا تھا ’’میں اڑتا کوا، آ کر ڈال پر بیٹھا ہوں۔ آپ صحیح غلط پر مجھ سے پوچھ رہے ہیں۔‘‘ اس کے بعد متھن نے ’سوری سر‘ کہہ کر انٹرویو خود ہی ختم کر دیا اور کیمرے کے سامنے سے اٹھ کر چلتے بنے۔

یہاں قابل غور ہے کہ مغربی بنگال میں الیکشن جیتنے کے لیے بی جے پی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ترنمول کانگریس کے کئی لیڈران بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر پر کوئی نہ کوئی داغ لگا ہے۔ ’اے بی پی نیوز‘ پر اسی تعلق سے سوال متھن چکرورتی سے پوچھا گیا تھا، لیکن وہ اس کا کوئی مناسب جواب دیئے بغیر کیمرے کے سامنے سے اٹھ کر چلے گئے۔


یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ’اے ڈی آر‘ نے بنگال کے موجودہ اراکین اسمبلی کی تفصیل جاری کی ہے جس کے تحت بنگال میں 104 موجودہ اراکین اسمبلی داغی ہیں۔ ان میں 68 اراکین اسمبلی ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس کے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بنگال کے 282 اراکین اسمبلی میں سے 37 فیصد یعنی کل 104 اراکین اسمبلی داغی ہیں۔ حال کے دنوں میں بی جے پی نے سب سے زیادہ توڑ پھوڑ ٹی ایم سی میں کی ہے۔ ساردا گھوٹالے سے جڑے لوگوں کو بھی پارٹی نے اپنی رکنیت دی ہے۔ ان میں سب سے اہم نام مکل رائے کا ہے۔ ان کے اوپر ساردا گھوٹالے میں سیدھا الزام لگا تھا۔ پہلے بی جے پی انھیں تنقید کا نشانہ بناتی تھی، لیکن اب پارٹی لیڈران ان کے نام پر بالکل خاموش ہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز جب فلم اداکار متھن چکرورتی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے تو انھوں نے ایک زبردست ڈائیلاگ بولا تھا۔ اسٹیج پر انھوں نے کہا تھا ’’مجھے ایک بے کار سانپ سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔ میں ایک کوبرا ہوں۔ لوگوں کو ایک بار میں ڈس کر مار بھی سکتا ہوں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا تھا کہ وہ ہمیشہ محروموں کے لیے کام کرنا چاہتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔