کسانوں پر جبر کرنے کے لیے این آئی اے کا غلط استعمال نامناسب: اکالی دل
اکالی لیڈر ہرچرن بینس نے کہا کہ پارٹی نے اپنی بات حکومت کے ساتھ رکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 26 جنوری کو کسانوں کو دہلی میں یوم جمہوریہ مارچ کے دوران پرامن پریڈ کرنے کے آئینی حق سے انکارنہ کرے۔
چنڈی گڑھ: شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی) نے آج کہا ہے کہ کسانوں پرجبرکرنے کے لئے قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) کاغلط استعمال کرنا صحیح نہیں ہے۔ پارٹی کی کورکمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ہرچرن سنگھ بینس نے کہا کہ پارٹی نے اپنی بات مرکزی حکومت کے ساتھ رکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 26 جنوری کو کسانوں کو دہلی میں یوم جمہوریہ مارچ کے دوران پرامن پریڈ کرنے کے آئینی حق سے انکارنہ کرے۔
بینس نے کہا کہ حکومت ملک کے شہریوں کو اظہاررائے کی آزادی کے اپنے بنیادی حق سے انکارنہیں کرسکتی۔ ملک کے کسان پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ ان کاپرامن مارچ آئینی جذبات کی عکاسی کرے گا جس کے لئے قوم یوم جمہوریہ مناتی ہے۔ میٹنگ میں پاس ایک تجویز میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو حقیقت میں کسانوں کا شکریہ اداکرکے پریڈ کو آسان بنانا چاہیے۔
بینس نے مزید کہا کہ پارٹی کی کورکمیٹی نے زرعی قوانین کے خلاف تحریک کر رہے کسانوں اور ان کے حامیوں کے خلاف این آئی اے کے غلط استعمال کے لئے بھی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت ہے کیونکہ کسانوں نے دوماہ سے امن وامان کی خلاف ورزی کرنے کی شکایت کا ایک بھی بہانہ نہیں دیا ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ حقیقی معنوں میں افسوسناک ہے کہ حکومت ایسے قانون پر عمل کرنے والے شہریوں کوامن اور حفاظت کے لئے خطرے کی شکل میں دیکھتی ہے۔ پارٹی نے حکومت سے این آئی اے کی جانب سے کسانوں اور کسان لیڈران کو جاری کئے تمام نوٹس کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔