لاپتہ پی ایچ ڈی اسکالر حزب المجاہدین میں شامل ہوگیا: آئی جی پی کشمیر
بمنہ سے تعلق رکھنے والا کشمیر یونیورسٹی کا پی ایچ ڈی اسکالر ہلال احمد ڈار ولد مرحوم غلام محی الدین ڈار وسطی ضلع گاندربل کے نارہ ناگ علاقے میں 13 جون کو ٹریکنگ کے دوران غائب ہو گیا تھا۔
سری نگر: کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا ہے کہ سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ سے تعلق رکھنے والے لاپتہ جوان پی ایچ ڈی اسکالر ہلال احمد ڈار نے حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ موصوف آئی جی پی نے منگل کے روز سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں واقع سی آر پی ایف کے ریکروٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ ایک مہلوک سی آر پی ایف اہلکار کی میت پر پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'لاپتہ ہونے والا نوجوان حزب المجاہدین میں شامل ہوگیا ہے'۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی نے وجے کمار کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر ہلال کا کنبہ اسے واپس لاتا ہے تو ہم اس کو گرفتار نہیں کریں گے۔ ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ ہلال حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر اور تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے فرزند جنید صحرائی، جنہں گزشتہ ماہ سری نگر کے نواح کدل علاقے میں ہونے والے ایک ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا، کا قریبی دوست تھا۔
بتادیں کہ بمنہ سے تعلق رکھنے والا کشمیر یونیورسٹی کا پی ایچ ڈی اسکالر ہلال احمد ڈار ولد مرحوم غلام محی الدین ڈار وسطی ضلع گاندربل کے نارہ ناگ علاقے میں 13 جون کو ٹریکنگ کے دوران غائب ہو گیا تھا۔ اتوار کے روز سری نگر میں ہونے والی تصادم آرائی میں ہلاک ہونے والے تین ملی ٹنٹوں میں پہلے اس کا نام بھی آیا تھا جس کی بعد میں تردید کی گئی۔
ہلال کے اہل خانہ اور دیگر رشتہ داروں نے پیر کے روز سری نگر کی پریس کالونی میں ان کی بازیابی کے لئے احتجاج کیا تھا اور لفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو اور آئی جی پولیس سے اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی اپیل کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔