بلند شہر تشدد: انسپکٹر سبودھ کمار کا موبائل برآمد

بلند شہر کے ایس پی سٹی نے بتایا کہ سیانہ کوتوالی علاقے میں گزشتہ سال 3 دسمبر کو شرپسند عناصر نے سبودھ کمار سنگھ کا جو سی یو جی فون لوٹ لیا تھا وہ جیل میں بند ایک ملزم کے گھر سے برآمد ہوگیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر کے سیانہ علاقے میں گذشتہ سال 3 دسمبر کو پیش آئے پرتشدد واقعہ میں شہید سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا لوٹا گیا سی یو جی موبائل فون پولس نے جیل میں بند ملزم پرشانت نٹ کے گھر سے برآمد کیا ہے۔

پولس سپرنٹنڈنٹ (شہر) اتل سریواستو نے اتوار کو بتایا کہ گذشتہ سال تین دسمبر کو سیانہ کوتوالی علاقے میں چنگراوٹھی میں گئوکشی کی خبر کے سلسلے میں پولس اور مقامی باشندوں کے درمیان ہوئے پرتشدد جھڑپ میں سیانہ کوتوالی انچارج سب انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور ایک نوجوان کی موت ہوگئی تھی۔ شرپسند عناصر نے اس دوران سبودھ کمار سنگھ کا سی یو جی فون اور پستول بھی لوٹ لیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کی رپورٹ چنگراوٹھی چوکی کے داروغہ سبھاش سنگھ نے درج کرائی تھی۔ جس میں 27 لوگوں کو نامزد کیا گیا تھا۔ وہیں 60 تا 70 نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ نامزد ملزمین میں بجرنگ دل کا ضلع صدر یوگیش راج، یوا بی جے پی سیانہ کا صدر شیکھر اگروال، وی ایچ پی کا سابق ضلع صدر اوپیندر راگھو سمیت سخت گیر تنظیموں کے کئی ذمہ دار اس میں شامل ہیں، اب تک اس معاملے میں 37 ملزموں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ ان میں پرشانت نٹ اور فوجی کا جوان جیتو فوجی بھی شامل ہیں۔

ایس پی نے بتایا کہ یوں تو پورے معاملے کی جانچ ایس آئی ٹی کر رہی ہے۔ اطلاع ملی تھی کہ شہید انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کا سی یو جی فون گاؤں نیا بانس باشندہ پرشانت نٹ جو اس وقت جیل میں ہے نے اپنے گھر میں چھپا رکھا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولس نے سی جے ایم اودھیش پانڈے کی عدالت سے پرشانت نٹ کے گھر کی تلاشی کا وارنٹ حاصل کیا اور سنچر کی رات پولس سب انسپکٹر راگھویندر مشرا کی قیادت میں پولس ٹیم نے پرشانت نٹ کے گھر کی تلاشی لی، جہاں پولس کو اس کے گھر سے سات موبائل برآمد ہوئے ہیں ان میں سے ایک موبائل شہید انسپکٹر سبودھ کمار کا ہے۔ باقی موبائل فون کس کے ہیں پولس اس کی جانچ کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سبودھ کمار سنگھ سے لوٹی گئی پستول ابھی تک نہیں ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔