بنگال انتخابات: نندی گرام میں پولنگ کے دوران بدانتظامی، پولیس نے الیکشن کمیشن کو پیش کی رپورٹ

پولیس کی طرف سے پیش رپورٹ میں کیا کہا گیا ہے اس کو واضح نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے کہا کہ اس بات کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں کہ 80 فیصد جعلی ووٹنگ ہوئی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کلکتہ: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے ذریعہ نندی گرام میں پولنگ کے درمیان گڑبڑی کی شکایت کے بعد انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ضلع پولیس کی جانب سے جاری تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کردی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں کیا کہا گیا ہے اس کو واضح نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے کہا کہ اس بات کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں کہ 80 فیصد جعلی ووٹنگ ہوئی ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ووٹنگ کے دوران وزیر اعلی ممتا بنرجی دو گھنٹے تک ایک پولنگ اسٹیشن میں بیٹھی رہیں اور انہوں نے الزام لگایا کہ امت شاہ کے کہنے پر سنٹرل فورس کے جوان ووٹروں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ دوسرے جانب بی جے پی کے ریاستی یونٹ نے نندی گرام میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔


پارٹی کے سینئر رہنما اور ریاستی ایگزیکٹو ممبر ششیر بجوریا نے بتایا کہ نندی گرام میں انتخابات کے دوران ممتا بنرجی ایک پولنگ اسٹیشن کے اندر بیٹھ گئیں اور دو گھنٹے بیٹھی رہیں۔ علاوہ ازیں، پولنگ کے دن پورے حلقہ میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے باوجود، وہیل چیئر پر بیٹھ کر خود سڑکوں پر آئیں اور اپنے پیچھے سیکڑوں کے مجمع کے ساتھ انتخابی مہم چلائی۔ وزیراعلیٰ کا یہ ایکٹ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ دفعہ 144 کی بھی خلاف ورزی ہے اور الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی گئی۔

اسی کے ساتھ ہی پولیس کو بھی تحریری شکایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر بغیر کسی ثبوت کے مرکزی فورس کے جوانوں پر سنگین الزامات عائد کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے پولنگ علاقوں میں سنٹرل فورس کے ملازمین پر حملے ہوسکتے ہیں۔ بجوریا نے کہا کہ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی سب کچھ سوچ سمجھ کر کر رہی ہے تاکہ سنٹرل فورس کے جوانوں کو نشانہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب تشدد پھیلانے کی کوشش کا حصہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Apr 2021, 6:45 PM