وزراء و افسران کو اب بیوی-بچوں کی ملکیت سے متعلق تفصیل بھی دینی ہوگی، یوگی حکومت کا نیا فرمان
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہدایت دی ہے کہ سبھی پبلک سروینٹ (آئی اے ایس/پی سی ایس) کو اپنی اور اپنے کنبہ کے اراکین کی سبھی منقولہ اور غیر منقولہ ملکیت کی تفصیل دینی ہوگی۔
اتر پردیش کی یوگی حکومت کا ایک نیا فرمان سامنے آیا ہے جس کے مطابق اب ریاست کے سبھی وزراء اور افسران کو اپنی ملکیت کے ساتھ ساتھ اپنے پورے کنبہ کی ملکیت کی تفصیل پیش کرنی ہوگی۔ منگل کے روز ہوئی کابینہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ فرمان سنایا اور کہا کہ ’’صحت مند جمہوریت کے لیے عوامی نمائندوں کی شفافیت ضروری ہے۔ اسی جذبہ کے مطابق سبھی معزز وزراء حلف لینے کے اگلے تین ماہ کی مدت کے اندر اپنے اور اپنے کنبہ کے اراکین کی سبھی منقولہ اور غیر منقولہ ملکیت کی تفصیل عوامی طور پر ظاہر کریں۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ سبھی پبلک سروینٹ (آئی اے ایس/پی سی ایس) کو اپنی اور اپنے کنبہ کے اراکین کی سبھی منقولہ اور غیر منقولہ ملکیت کی تفصیل دینی ہوگی۔ یہ تفصیل عوام کی جانکاری کے لیے آن لائن پورٹل پر دستیاب کرائی جائے۔ ساتھ ہی وزیر کے خاندانی رکن کسی بھی سرکاری کام میں مداخلت نہیں کریں گے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر 18 وزراء کا ایک گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے جس میں تین تین وزیر شامل ہیں۔ وزراء کے ان گروپوں کو ایک ایک ڈویژن کی ذمہ داری دی گئی ہے جہاں وہ جمعہ سے اتوار تک دورہ کریں گے اور حکومت کی طرف سے چلائے جا رہے منصوبوں کی گراؤنڈ ریلٹی کو جانیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔