بہار پنچایتی راج کے وزیر کپل دیو کامت کا کورونا کے سبب انتقال

جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور پنچایتی راج کے وزیر کپل دیو کامت کا جمعرات کو دیر رات گئے انتقال ہو گیا۔ وہ 69 سال کے تھے۔ صوبہ کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان کپل دیو کامت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے

بہار پنچایتی راج کے وزیر کپل دیو کامت کا کورونا کے سبب انتقال
بہار پنچایتی راج کے وزیر کپل دیو کامت کا کورونا کے سبب انتقال
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: جنتا دل متحدہ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر اور پنچایتی راج کے وزیر کپل دیو کامت کا جمعرات کو دیر رات گئے انتقال ہو گیا۔ وہ 69 سال کے تھے۔ صوبہ کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ان کپل دیو کامت کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کنبہ کے ذرائع نے جمعہ کے روز بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد انہیں ایک ہفتہ قبل پٹنہ کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا تھا۔ حالانکہ وہ پہلے ہی گردوں کے عارضہ میں مبتلا تھے اور حال ہی میں سانس کی تکلیف کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ ان کی حالت میں کوئی بہتری نہیں ہوئی اور بالآخر انکا انتقال ہوگیا۔


ریاست کے وزیراعلی اور جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار نے کامت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا ’’کپل دیو کامت زمین سے جڑے ہوئے سیاستدان تھے۔ کابینہ میں وہ میرے معاون تھے۔ وہ ایک بہترین ایڈمنٹریٹر اور مقبول لیڈر تھے۔ ان کے اچانک انتقال سے مجھے نجی طور پر دکھ پہنچا ہے۔ ان کے انتقال سے سیاسی اور سماجی علاقوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ کپل دیو کامت جے ڈی یو کے قدآور لیڈران میں سے ایک مانے جاتے تھے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے انتہائی مقرب سمجھے جاتے تھے۔ کامت مدھوبنی کے بابو برہی سے ایم ایل اے تھے اور نتیش کابینہ میں پنچائتی راج کی وزارت سنبھال رہے تھے۔ کامت کی خراب صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے جے ڈی یو نے اتوار سے اس بار ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی بہو مینا کامت کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔