اونتی پورہ تصادم میں ہلاک ہونے والا ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں براہ راست ملوث تھا: وجے کمار

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

وجے کمار، تصویر یو این آئی
وجے کمار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے پدگام پورہ اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مقامی ملی ٹنٹ ہلاک جبکہ ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی جوان بھی از جان ہوا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت سنجے شرما کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ اونتی پورہ کے پدگام پورہ گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو درمیانی شب محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔

انہوں نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ ان کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا، جس کی بعد میں شناخت عاقب مشتاق بٹ ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔


انہوں نے کہا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں دو فوجی زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ کشمیر زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ پدگام پورہ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پیر اور منگل کی درمیانی شب علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ عاقب مشتاق نے پہلے حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں ٹی آر ایف نامی ممنوع تنظیم میں شامل ہوا۔ دریں اثنا پولیس نے عوام سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہیں لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔