یوگی حکومت دوسرے شہروں سے گاؤں واپس لوٹے مزدوروں کی بنی دشمن... ویڈیو
اتر پردیش کے بریلی میں دوسرے شہروں سے آ رہے مزدوروں کے ساتھ یوگی حکومت انتہائی برا سلوک کر رہی ہے۔ انھیں آئسولیشن میں بھیجنے کی جگہ ان پر کیمیکل والے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے جو ہلاکت خیز ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد سے ہی پورے ملک کی تصویر بدل گئی ہے۔ جو مزدور کل تک 'سب کچھ' تھے، آج ان کی حالت بد سے بدتر ہو گئی ہے۔ نہ ان کے پاس کچھ کھانے کو ہے، نہ سر چھپانے کے لیے چھت۔ یہی وجہ ہے کہ تقریباً ہر ریاست سے مہاجر مزدور اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ یہ ہجرت کا دور چھٹے دن بھی جاری ہے۔ کئی شاہراہوں کے کنارے آپ کو مزدور پیدل چلتے ہوئے نظر آ جائیں گے۔ یہ لوگ کسی بھی طرح اپنے گھر پہنچنا چاہتے ہیں۔
اتر پردیش کے ایسے مزدور جو دوسری ریاستوں میں تھے، ان کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لیکن انھیں حکومت سے جس طرح کے رحم کی امید تھی، ریاست پہنچنے کے بعد اس کا الٹا ہی نظارہ دیکھنے کو ملا۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے کہا تو تھا کہ جو بھی دوسری ریاستوں سے آ رہے ہیں انھیں کوارنٹائن یا آئسولیٹ کیا جائے گا، لیکن منظر عام پر آیا بریلی کا ایک ویڈیو کچھ اور ہی داستان بیان کر رہا ہے۔ یہاں دوسری ریاستوں سے لوٹے مزدوروں کی زندگی سے کھیلا جا رہا ہے۔ بریلی پہنچے مزدوروں کو آئسولیشن میں بھیجنے کی جگہ ان پر کیمیکل والے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔
اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ایسا لگتا ہے جیسے یوگی حکومت کورونا کے خلاف نہیں بلکہ ان مزدوروں کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ویڈیو کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جتن پرساد نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا ہے اور یوگی حکومت سے مزدوروں کے ساتھ ایسا سلوک کرنے پر سوال بھی کیا ہے۔ انھوں نے پوچھا ہے کہ آخر اس کا انچارج کون ہے اور یوپی حکومت یہ سب کس طرح ہونے دے رہی ہے؟
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔