طیارے میں درمیانی نشست خالی رکھنی ہوگی، مسافروں کو پانی دینے پر بھی روک

شہری ہوا بازی ریگولیٹر نے سپریم کورٹ کے ایک تبصرہ کی روشنی میں مسافر پروازوں کے لئے اضافی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو درمیانی سیٹ خالی رکھی جانی چاہیے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: سول ایوی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے طیارہ سروس کمپنیوں سے درمیان کی سیٹ خالی رکھنے، مسافروں کو انفیکشن سے پاک کرنے والی سرنگ سے ہوکر طیارے میں داخل ہونے کا متبادل تلاش کرنے اور پرواز کے دوران پانی بھی نہ دینے کا حکم دیا ہے۔

شہری ہوا بازی ریگولیٹر نے سپریم کورٹ کے ایک تبصرہ کی روشنی میں اتوار کو جاری حکم میں مسافر پروازوں کے لئے اضافی ہدایات جاری کی ہیں۔ اس نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہو درمیانی سیٹ خالی رکھی جانی چاہیے، تاہم ایک ساتھ بیٹھنے والے تمام مسافروں کے ایک ہی خاندان کا رکن ہونے پر یہ ضروری نہیں ہو گا۔ اگر مسافروں کی تعداد زیادہ ہے اور درمیان کی نشست خالی رکھنا ممکن نہیں ہے تودرمیان کی نشست پر بیٹھنے والے مسافر کو پورے جسم کو ڈھکنے والا گاؤن دیا جائے گا جو کپڑا وزارت کے معیار کے مطابق ہوگا۔ تمام مسافروں کو ایئر لائنز کی طرف سے تین پرت والا ماسک، فیس شیلڈ اور کافی مقدار میں سینٹائزر دینا بھی لازمی کیا گیا ہے۔


ڈی جی سی اے نے طیارے کے اندر مسافروں کو پانی دیئے جانے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔ اس نے کہا ہے کہ صرف طبی ہنگامی صورت حال میں ہی مسافروں کو ایئر لائنز کی جانب سے پانی دیا جانا چاہیے۔ طیارے میں کھانا فراہم کیے جانے پر پہلے ہی روک لگی ہوئی ہے۔

’وندے بھارت مشن‘ کے تحت خصوصی پروازوں میں درمیان والی سیٹ خالی رکھنے کی مانگ کو لے کر دائر ایک خصوصی اجازت درخواست کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا ”درخواست پر فیصلہ آنے تک ڈی جی سی اے کمرشیل پہلوؤں کی بجائے عام لوگوں کی صحت اور حفاظت کے لیے ذہن میں رکھتے ہوئے قوانین میں جو بھی تبدیلی ضروری ہے اس کا اطلاق کرنے کے لئے آزاد ہے“۔ عدالت کے اس تبصرہ کے بعد سول ایوی ایشن کی وزارت نے 26 مئی کو ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ڈی جی سی اے نے اضافی ہدایات جاری کی ہیں۔


ہوائی جہاز سروس کمپنیوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بورڈنگ کے وقت مسافروں کو انفیکشن سے پاک کرنے والی ایک سرنگ سے ہوکر داخلہ دینے کے متبادل پر غور کرے۔ حالانکہ اس میں مسافروں کی صحت پر ممکنہ منفی اثرات کو ذہن میں رکھنے کے لئے مشورہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہوائی جہاز کو باقاعدگی سے انفیکشن سے پاک کرنے، عملے کے ارکان کی باقاعدہ صحت کی جانچ اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے کووڈ -19 متاثرہ پائے جانے پر طیارے کو مکمل طور پر انفیکشن سے پاک کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔