منریگا گھوٹالہ: معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل کے خلاف ای ڈی کی سخت کارروائی، 82.77 کروڑ کی ملکیت قرق
جن ملکیتوں کو قرق کیا گیا ہے ان میں ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال، ایک ڈائیگناسٹک سنٹر اور دو لینڈ پارسل شامل ہیں، علاوہ ازیں پوجا کے شوہر، ان کے اکاؤنٹینٹ اور چار جونیئر انجینئر بھی ای ڈی کے راڈار پر ہیں۔
منریگا گھوٹالہ کے ایک معاملے میں معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل اس وقت جیل میں بند ہیں۔ اس درمیان ان کے خلاف ای ڈی نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 82.77 کروڑ روپے کی غیر منقولہ ملکیتوں کو قرق کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جن ملکیتوں کو قرق کیا گیا ہے ان میں ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال، ایک ڈائیگناسٹک سنٹر اور دو لینڈ پارسل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پوجا سنگھل کے شوہر، ان کے اکاؤنٹینٹ اور چار جونیئر انجینئر بھی ای ڈی کے راڈار پر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جس منریگا گھوٹالہ معاملہ میں معطل آئی اے ایس پوجا سنگھل اس وقت جیل میں بند ہیں، وہ جھارکھنڈ کے کھونٹی ضلع سے جڑا ہوا ہے۔ گھوٹالہ کے وقت پوجا وہاں ڈپٹی کمشنر کے عہدہ پر تعینات تھیں۔ پوجا پر الزام ہے کہ بغیر کام کے ہی منریگا کا پیسہ نکال لیا گیا۔ حالانکہ ریاستی حکومت نے اس معاملے میں جانچ کے بعد پوجا سنگھل کو کلین چٹ دے دی تھی۔ جس وقت پوجا سنگھل کو کلین چٹ دی گئی، اس وقت جھارکھنڈ میں رگھوور داس کی حکومت تھی۔
ای ڈی کے ذریعہ کی گئی تحقیقات کے دوران پوجا سنگھل کے پاس سے آمدنی سے زیادہ ملکیت ملی تھی۔ ای ڈی نے منریگا گھوٹالہ کے معاملے میں 6 مئی کو پوجا سنگھل سمیت ان کے قریبیوں کے تقریباً 25 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔ پوجا کو اس معاملے میں 11 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد 25 مئی کو انھیں جیل بھیج دیا گیا۔ 27 ستمبر کو خراب صحت کے سبب انھیں ریمس میں داخل کرایا گیا تھا، حالانکہ 27 نومبر کو ایک بار پھر انھیں جیل بھیج دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔