محبوبہ مفتی بے شرمی سے اقدار سے چمٹی رہیں گی: عمر عبداللہ
عمر عبد اللہ نے کہا کہ سب ہوجانے کے باوجود محبوبہ مفتی بے شرمی سے اقتدار سے چمٹی رہیں گی کیونکہ وہ صرف اقتدار سے مطلب رکھتی ہیں۔
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمرعبداللہ نے جموں وکشمیر کی حکومت میں شامل اتحادی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے کشمیر میں یکطرفہ فائر بندی کی تجویز کو مسترد کرنے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی صرف اقتدار سے مطلب رکھتی ہیں۔
عمرعبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ’’محبوبہ مفتی کی طرف سے کل جماعتی اجلاس بلانے کا کیا مقصد تھا جب اس کی اتحادی جماعت اس سے اتفاق نہیں کرتی ہے۔ یہ سب ہوجانے کے باوجود محبوبہ مفتی بے شرمی سے اقتدار سے چمٹی رہیں گی کیونکہ وہ صرف اقتدار سے مطلب رکھتی ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ بی جے پی نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی تجویز کہ ’کشمیر میں ماہ رمضان اور سالانہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر جنگجوؤں کے خلاف جاری مہم کو روک کر یکطرفہ فائر بندی کا اعلان کیا جائے‘ یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں جنگجوؤں اور پتھربازوں کے خلاف جاری جنگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ بی جے پی کے مطابق جنگ کے آخری مرحلے میں پاؤں واپس کھینچنا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 May 2018, 10:21 AM