کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف 31 مارچ کو دہلی میں انڈیا الائنس کی کی میگا ریلی

کانگریس لیڈر ارویندر سنگھ لولی نے کہا کہ اگر راہل گاندھی نے پورے ملک میں جمہوریت کو بچانے کی لڑائی شروع کی ہے تو کانگریس پارٹی کیسے پیچھے رہے گی۔ ہم اس لڑائی میں مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/&nbsp;@AamAadmiParty</p></div>

تصویر/@AamAadmiParty

user

قومی آواز بیورو

انڈیا الائنس نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی میں ایک میگا ریلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس پارٹی کے لیڈران نے آج مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا ہے۔ یہ ریلی 31 مارچ کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی جائے گی۔

عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے لیڈروں کی ہوئی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ صرف کیجریوال کی گرفتاری کی بات نہیں ہے بلکہ وزیر اعظم نے ملک کے اندر آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے جمہوریت پر شب خون مارا ہے۔ اس رویے کے تحت دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گرفتار کیا ہے، جس کی وجہ سے آئین او ر جمہوریت سے محبت کرنے والے لوگ شدید ناراض ہیں۔‘‘


اپوزیشن پارٹی کے لیڈروں نے کہا کہ ’’ملک میں وزیر اعظم تفتیشی ایجنسیوں کا استعمال کرکے، ارکان اسمبلی و اپوزیشن لیدران کو خرید کر، فرضی کیس بنا کر اور گرفتاریاں کر کے پوری اپوزیشن کو ایک ایک کرکے ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ ان لیڈران نے مزید کہا کہ ’’جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مغربی بنگال سے لے کر بہار تک انڈیا الائنس کے لیڈروں کے خلاف فرضی مقدمات درج کر کے خاموش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہلی اور ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔ آنے والے دنوں میں بھی یہ مظاہرے جاری رہیں گے۔‘‘

اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ ’’دہلی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے باوجود عام آدمی پارٹی کے دفتر کو سیل کر دیا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کہہ رہی ہے کہ اروند کیجریوال اور اپوزیشن لیڈروں نے بدعنوانی کی ہے لیکن سپریم کورٹ نے اس الزام کی دھجیاں اڑا دی ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری فہرست سے 60 کروڑ روپے کی منی ٹریل سامنے آئی ہے۔ شرت ریڈی کی کمپنی سے 60 کروڑ روپے کا بانڈ لیا۔ عآپ لیڈر نے سوال کیا کہ بی جے پی والے خاموش کیوں ہیں؟ آج اگر ملک خاموش رہ گیا تو پھر کون آواز اٹھائے گا؟ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آمریت کے خلاف پوری دہلی 31 مارچ کو صبح 10 بجے رام لیلا میدان میں آئے گی۔


عآپ لیڈر گوپال رائے نے کہا کہ انڈیا الائنس سے وابستہ پارٹیوں کے تمام بڑے لیڈر 31 مارچ کو رام لیلا میدان میں ہونے والی مہارالی میں شرکت کریں گے۔ اس دوران کانگریس لیڈر ارویندر سنگھ لولی نے کہا کہ اگر راہل گاندھی نے پورے ملک میں جمہوریت کو بچانے کی لڑائی شروع کی ہے تو کانگریس پارٹی کیسے پیچھے رہے گی۔ ہم اس لڑائی میں مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ یہ پورے ملک کے لیے نہایت پریشانی کی بات ہے۔ انہوں نے ملک کے نوجوانوں سے اس لڑائی میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

پریس کانفرنس میں کانگریس کی دہلی یونٹ کے صدرارویندر سنگھ لولی نے کہا کہ اپوزیشن کو مساوی مواقع نہیں دیے جا رہے ہیں۔ کانگریس کے کھاتوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔ وزرائے اعلیٰ کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 31 مارچ کی میگا ریلی سیاسی نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت کو بچانے اور مرکز کے لیے ہے۔ اس پریس کانفرنس میں دہلی کی وزیر خزانہ آتشی سنگھ بھی موجود تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔