منی پور کے مسئلہ پر 'انڈیا' کے رہنماؤں کا اجلاس، قیام امن کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم
کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو منی پور کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کو منی پور کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اپوزیشن اتحاد 'انڈیا' کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس کے دوران کھڑگے نے کہا کہ شمال مشرقی ریاست میں امن بحالی کی جدوجہد سڑکوں سے پارلیمنٹ تک جاری رہے گی۔
انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس یعنی 'انڈیا' کے رکن لیڈران کا یہ اجلاس کھڑگے کے کمرے میں منعقد ہوا۔ کانگریس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے کہا ’’کانگریس صدر کھڑگے نے 'انڈیا' کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ منی پور میں امن قائم کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا ہم کریں گے۔ یہ لڑائی سڑک سے پارلیمنٹ تک جاری رہے گی۔‘‘-
'انڈیا' کے رہنما راجیہ سبھا میں منی پور پر بحث اور ایوان بالا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے تفصیلی بیان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مودی نے جمعرات کو لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد کے دوران تقریر کی تھی۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی دو گھنٹے سے زیادہ طویل تقریر میں یقین دلایا کہ منی پور میں امن بحال ہوگا اور یہ ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گا۔
وزیر اعظم مودی نے کہا ’’منی پور میں بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستی حکومت گزشتہ چھ سالوں سے وہاں کے حالات کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی کوششیں جاری رہیں گی۔ پورا ملک اور ایوان منی پور کے ساتھ ہے۔ ہم مل کر وہاں امن کو یقینی بنائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔