میرٹھ: سابق وزیر یعقوب قریشی کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری، رہائش اور فیکٹری پر قرقی کے نوٹس چسپاں

یعقوب قریشی، ان کی بیوی سنجیدہ بیگم اور بیٹوں عمران و فیروز کو تلاش کیا جا رہا ہے اور پولیس نے تمام مفرور ملزمین پر شکنجہ کسنے کے لئے میٹ فیکٹری اور ان کی رہائش گاہ کی قرقی کی تیاری بھی کر لی ہے

حاجی یعقوب قریشی / Getty Images
حاجی یعقوب قریشی / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

میرٹھ: بند فیکٹری میں کروڑوں روپئے مالیت کے مبینہ غیر قانونی گوشت کی برآمدگی کے بعد اتر پردیش کے سابق وزیر یعقوب قریشی اور ان کے کنبے کے اراکین کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تاہم وہ ابھی پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔

سابق وزیر کی گرفتاری کے لئے پولیس کی کئی ٹیمیں دان رات دبش دے رہی ہیں لیکن کامیابی نہیں مل رہی۔ وہیں میرٹھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ قریشی کی فیکٹری اور رہائش گاہ کو منہدم کرنے کے لئے نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پربھاکر چودھری نے بتایا کہ عدالت سے گرفتاری وارنٹ ملتے ہی اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پویس، چار ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور تھانوں کی پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ یہ ٹیم یعقوب قریشی، ان کی بیوی سنجیدہ بیگم، دونوں بیٹے عمران اور فیروز کی تلاش میں مشغول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مفرور ملزمین پر شکنجہ کسنے کے لئے میٹ فیکٹری اور ان کی رہائش گاہ کی قرقی کی تیاری بھی کر لی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ میرٹھ۔ہاپوڑ روڈ پر واقع کھرکھودا کے علی پور گاؤں میں الفہیم میٹیکس پرائیویٹ لمیٹیڈ پر پولیس اور انتظامیہ کی ایک ٹیم نے ممنوعہ مویشی کاٹنے کی خبر پر گذشتہ 30 مارچ دیر رات چھاپہ ماری کی تھی۔ جس میں پولیس نے فیکٹری سے 2460 کوئنٹل گوشت برآمد کیا تھا۔ جس کی قیمت تقریبا پانچ کروڑ روپئے بتائی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Apr 2022, 3:11 PM