میرٹھ: شراب نے دوست کو دشمن بنا دیا، نشے کی حالت میں ایک نے کیا دوسرے کا بہیمانہ قتل

بتایا جاتا ہے کہ مینک سینی نے کشن نیپالی کی شراب کی بوتل چوری کر لی تھی، جس کے بعد دونوں میں کہا سنی ہوئی اور آخر میں قتل کی وجہ بنی۔ واقعہ لوہیا نگر تھانہ علاقے میں رونما ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

میرٹھ میں سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں شراب نے دوست سے دوست کا قتل کرا دیا۔ قتل اتنی بے رحمی سے کیا گیا کہ دیکھنے والے کی روح کانپ گئی۔ مقتول کا چہرہ بُری طرح سے اینٹ سے کچل دیا گیا تھا۔ دوست اپنے ہی دوست کا اس قدر دشمن بن گیا تھا کہ اس نے تب تک حملہ کرنا نہیں چھوڑا جب تک کہ اس کی سانسیں تھم نہیں گئیں۔

نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق دراصل میرٹھ میں ہاپوڑ روڈ پر لوہیا نگر تھانہ علاقے میں جی ڈی کولڈ اسٹور ہے۔ یہاں پر نیپال کا رہنے والا کشن نیپالی مزدوری کرتا تھا۔ یہاں اس کی دوستی مینک سینی سے ہو گئی۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ کافی وقت گزارتے اور ساتھ ہی ساتھ شراب نوشی بھی کرتے تھے۔ الزام لگایا جا رہا ہے کہ مینک سینی نے کشن نیپالی کی شراب کی بوتل چوری کر لی تھی۔ اس چوری پر کشن نیپالی نے مینک سینی سے ناراضگی کا اظہار کیا۔ کہاسنی ہو گئی اور بات بگڑتی چلی گئی۔ رات کے وقت پھر دونوں میں شراب کی بوتل کو لے کر کہا سنی ہو گئی جو مار پیٹ میں تبدیل ہو گئی۔ اسی دوران اینٹ سے کچل کر مینک سینی نے کشن نیپالی کا قتل کر دیا۔


بتایا جاتا ہے کہ دونوں نے شراب پی رکھی تھی، تبھی کہا سنی ہونے لگی پھر مینک سینی نے اینٹ سے کشن نیپالی کے سر اور چہرے پر زور دار حملے کرنے شروع کر دیے۔ ایک دو نہیں بلکہ ایک کے بعد ایک کئی حملے کیے گئے۔ اینٹ سے کشن نیپالی کے چہرے پر اتنے حملے کیے گئے کہ ناک اور منھ پوری طرح سے چکنا طور نظر آ رہے تھے۔ مینک نشے کی حالت میں اتنے غصے میں تھا کہ خون سے شرابور ہوکر زمین پر گر چکے اپنے دوست کشن نیپالی پر اینٹ سے حملہ کرتا رہا۔ آخرکار کشن نیپالی کی سانسیں تھم گئیں۔

کشن نیپالی کے قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ کشن نیپالی کی لاش زمین پر خون سے شرابور پڑی ہوئی تھی اور قریب میں ہی خون لگی اینٹ بھی موجود تھی۔ پولیس نے پوچھ تاچھ کی تو پوری کہانی سے پردہ فاش ہو گیا۔ وہاں پر کام کر رہے مزدوروں نے بتا دیا کہ رات میں مینک سینی اور کشن نیپالی کے درمیان کہاسنی ہوئی تھی اور مینک نے کشن کا قتل کر دیا۔ سٹی ایس پی آیوش وکرم نے بتایا کہ قتل کے ملزم مینک سینی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور کشن نیپالی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے۔ کشن نیپالی بنیادی طور پر نیپال کا رہنے والا تھا اور اس کے اہل خانہ کو اس سلسلے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔  

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔