ہندوستان میں میڈیا زہر پھیلا رہا، میں نے میڈیا سے بات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا: سُرنیا ایئر
گھر خالی کرنے کی نوٹس پر منی شنکر ایئر کی بیٹی سُرنیا ایئر نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ وہ تو اس گھر میں رہتی بھی نہیں۔
نئی دہلی: ریزیڈنٹس ویلفئر ایسوسی ایشن (آر ڈبلیو اے) کے ذریعہ جاری گھر خالی کرنے والے نوٹس پر منی شنکر ایئر کی بیٹی سُرنیا ایئر کا جواب سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ متعلقہ ریزیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اس کالونی سے ہے جہاں میں رہتی ہی نہیں ہوں۔ دوسری بات یہ ہے کہ میں نے فی الحال میڈیا سے بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہندوستان میں میڈیا صرف زہر اور انتشار پھیلا رہا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کچھ روز قبل دہلی کے جنگ پورہ میں کانگریس کے لیڈر منی شنکر ایئر کی بیٹی سُرنیا ایئر کے خلاف انہیں کی سوسائٹی کے کچھ لوگوں نے محاذ کھول دیا تھا۔ رام مندر کی مخالفت میں ’اُپواس‘ رکھنے کے معاملے میں ریزیڈنٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن نے منی شنکر ایئر اور ان کی بیٹی سُرنیا کو نوٹس جاری کیا تھا۔ حالانکہ اس معاملے میں سُرنیا نے واضح بیان دے کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دیا ہے۔ انھوں نے ’اُپواس‘ (روزہ) کی خبروں کو ’ایک ٹیلی ویژن کی کہانی‘ قرار دیا ہے۔
بہرحال، آر ڈبلیو اے کے نوٹس میں ان پرتناؤ اور نفرت پیدا کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے ان سے معافی مانگنے یا سوسائٹی چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔ اس پر آج سُرنیا ایئر نے فیس بک ویڈیو کے ذریعے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے قومی میڈیا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہندوستان میں میڈیا صرف زہر اور انتشار پھیلا رہا ہے۔ میں نے اب میڈیا سے بات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔