ایئر پورٹ پر اکھلیش کو روکنا تانا شاہی اور جمہوریت کا قتل: مایاوتی
مایاوتی نے کہا، ’’اکھلیش یادو کو آج الہ آباد نہ جانے دینے اور لکھنؤ ایئر پورٹ پر ہی انہیں روک لینے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، بی جے پی حکومت کی تانا شاہی اور جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔‘‘
نئی دہلی: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کو لکھنؤ ایئرپورٹ پر روکے جانے پر لگاتار رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اب بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے بھی اس حوالہ سے بی جے پی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ مایاوتی نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’سماجوادی پارٹی کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو آج الہ آباد نہ جانے دینے اور لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہی انہیں روک لینے کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، بی جے پی حکومت کی تانا شاہی اور جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔‘‘
ایک اور ٹوئٹ میں مایاوتی نے کہا، ’’کیا بی جے پی کی مرکز اور ریاست کی حکومت بی ایس پی-ایس پی اتحاد سے اتنی زیادہ خوف زدہ اور بوکھلا گئی ہے کہ وہ سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی کی تقاریب وغیرہ میں شامل ہونے پر بھی روک لگانے پر آمادہ ہو گئی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک ہے، اس غیر جمہوری کارروائیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔‘‘
اس واقعہ پر سماجوادی پارٹی کے رہنما رام گوپال یادو نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ غیر اعلانیہ ایمرجنسی کی صورت حال پیدا کر دی گئی ہے۔ اکھلیش کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اشارے پر روکا گیا ہے۔‘‘
یوگی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’وزیر اعلیٰ سادھو کے بھیس (شکل) میں ہیں میں نہیں جانتا۔ یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا موضوع ہے۔ بی جے پی اپنی ہار سامنے دیکھ کر بوکھلا گئی ہے۔‘‘
اس معاملے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا بیان بھی منظر عام پر آیا ہے۔ یوگی نے کہا، ’’اکھلیش یادو کے پریاگ راج (الہ آباد) جانے سے تشدد کا خدشہ تھا۔ پریاگ راج میں ابھی کمبھ کی وجہ سے کافی بھیڑ ہے اور ان کے جانے سے نظم و نسق کی صورت حال بگڑنے کا خطرہ تھا، اس طرح کی سرگرمیوں سے باز آنا چاہیے۔‘‘
یوگی نے کہا، ’’سماجوادی پارٹی افرا تفری پھیلانے کے لئے جانی جاتی ہے، اکھلیش جاتے تو یونیورسٹی میں ہنگامہ ہوتا، طلبا کے گروپوں میں تشدد کے خدشہ کی وجہ سے انہیں روکا گیا ہے۔ ہم سماجوادی پارٹی کو افرا تفری پھیلانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘
قبل ازیں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو کو آج لکھنؤ ائیرپورٹ پر ریاستی انتظامیہ کے ذریعہ اس وقت روک دیا گیا جب وہ ایک طلبا تقریب میں شرکت کے لیے الہ آباد جا رہے تھے۔ اس تعلق سے میڈیا سے بات چیت کے دوران اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’حکومت گھبرائی ہوئی ہے اس لیے طلباء کی حلف برداری تقریب میں مجھے شریک ہونے سے روکا جا رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔