مایاوتی الیکشن نہیں لڑیں گی: ستیش مشرا

ستیش چندر مشرا نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی سپریمو مایایوتی الیکشن نہیں لڑیں گی اس دوران ستیش مشرا نے خود بھی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا۔

بی ایس پی سربراہ مایاوتی / آئی اے این ایس
بی ایس پی سربراہ مایاوتی / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: اتر پردیش میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی خود انتخابی میدان میں نہیں اتریں گی۔ بی ایس پی جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا نے منگل کو ایک نیوز چینل کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ پارٹی سپریمو مایایوتی الیکشن نہیں لڑیں گی اس دوران ستیش مشرا نے خود بھی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کیا۔

الیکشن کمیشن کے ذریعہ اعلان کئے گئے انتخابی تاریخوں کے مطابق اترپردیش میں 10فروری تا 07 مارچ تک سات مراحل میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔ ستیش مشرا راجیہ سبھا میں بی ایس پی کے لیڈر ہیں۔ مایاوتی بھی اس سے پہلے راجیہ سبھا رکن تھیں لیکن انہوں نے میعاد کار پوری ہونے سے پہلے ہی اپنی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔


برہمن ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کی سبھی پارٹیوں کی کوششوں کے سوال پر ستیش مشرا نے کہا کہ برہمن سماج کو ڈرانے کے لئے ایس پی صدر اکھلیش یادو نے فرسہ اٹھایا تھا۔ لیکن فرسہ گر گیا۔ برہمن سماج اتنا معصوم نہیں ہے کہ ایس پی اور بی جے پی حکومت کے میعاد کار میں ہوئے مظالم کو بھول سکے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں 500 برہمنوں کا قتل ہوا ہے۔ اسی طرح کے مظالم ایس پی کے میعاد کار میں بھی ہوئے ہیں۔

ستیش مشرا نے کہا کہ بی جے پی قیادت نے بھی حال ہی میں برہمن لیڈروں کی دہلی میں میٹنگ طلب کی تھی۔ اس کا مقصد برہمنوں کی ناراضگی کو دور کرنے کی تدابیر پر غوروخوض کرنا تھا۔ ستیش مشرا نے کہا کہ جو جانکاری ملی ہے اس کے مطابق بی جے پی قیادت کو میٹنگ میں برہمن لیڈروں نے دو ٹوک کہہ دیا ہے کہ برہمنوں کی ناراضگی دور کرنے کے لئے اب کوئی بھی تدبیر کام نہیں آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔