مایاوتی نے اتحاد کو کہا بائے بائے، ضمنی انتخابات اکیلے لڑنے کا کیا اعلان
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے فلی الحال سماجوادی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی ضمنی انتخابات اکیلے لڑے گی۔
بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے سماجوادی پارٹی سے فلی الحال رشتہ توڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ آج انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان انتخابات میں یادوؤں نے اپنی ہی سماج وادی پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیئے۔ انہوں نے کہا کہ جب یادوؤں نے اپنی ہی پارٹی کو ووٹ نہیں دیئے تو ہماری پارٹی کو ووٹ کیا دیتے۔ انہوں نے اس موقع پر سماجوادی پارٹی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی میں بڑے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ’’ہم اتر پردیش میں 11 اسمبلی سیٹوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات اکیلے ہی لڑیں گی‘‘۔
انہوں نے کہا ’’قنوج میں ڈمپل، بدایوں میں دھرمیندر یادو اور فیروزآباد سے اکشے یادو کی شکست نے ہمیں سوچنے پر مجبور کیا ہے۔ ان قدآور امیدواروں کی شکست سے ہمیں بھی بہت افسوس ہوا ہے لیکن اس سے صاف پتہ لگتا ہے کہ یادو اکثریتی سیٹوں پر بھی یادو سماج کا ووٹ سماجوادی پارٹی کو نہیں ملا‘‘۔
مایاوتی نے آگے کہا ’’اکھیلیش اور ڈمپل مجھے عزت دیتے ہیں۔ ہمارے رشتے ہمیشہ کے لئے ہیں لیکن سیاسی مجبوریاں ہیں۔ اتر پردیش کے جو نتائج سامنے آئے ہیں ان سب پر بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل بی ایس پی نے پیر کو لوک سبھا کے انتخابی نتائج کا جائزہ لیا تھا۔ اس اجلاس میں بی ایس پی عہدیداران اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی تھی اور اجلاس کے بعد مایاوتی نے کہا تھا کہ اتحاد کو سماجوادی سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ واضح رہے ملائم سنگھ یادو اس اتحاد کے حق میں نہیں تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Jun 2019, 2:11 PM