ایس سی، ایس ٹی ایکٹ کے خلاف بھارت بند بی جے پی کا سیاسی حربہ: مایاوتی
مایاوتی نے یہاں کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی کچھ ریاستوں میں بھارت بند کا اہتمام دراصل بی جے پی اور آر ایس ایس کی ذات پات پر مبنی اور انتخابی سازش ہے۔
نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے شیڈولڈ کاسٹ اور شیڈولدٹرائب انسداد زیادتی قانون میں ترمیم کے خلاف بھارت بند کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ غلط اقتصادی پالیسیوں سے عوام کی توجہ بھٹکانے کی کوشش ہے۔
مایاوتی نے یہاں کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی کچھ ریاستوں میں بھارت بند کا اہتمام دراصل بی جے پی اور آر ایس ایس کی ذات پات پر مبنی اور انتخابی سازش ہے۔ بی جے پی کی حکومتیں عوام کی توجہ غلط اقتصادی پالیسیوں سے ہٹانا چاہتی ہیں اس لئے ایسی کوشش کی جارہی ہے ۔ نوٹ بندی اور غلط طریقے سے جی ایس ٹی نافذ کرنے سے کاروبار کو زبردست دھچکا لگا ہے۔ اس کی وجہ سے بے روزگاری بڑھی ہے اور لوگوں کو نقل مکانی کے لئے مجبور ہونا پڑا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے بی ایس پی صدر نے کہا کہ اس سے عوام بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی قانون دلت اور قبائلی سماج کے وقار سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کا غلط استعمال ہونے کا خدشہ ظاہر کرکے اسے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حالانکہ اس قانون کا استعمال ریاستی حکومتوں کی سوچ پر منحصر کرتا ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ایس سی ایس ٹی قانون کی آڑ میں بی جے پی اور آر ایس ایس گھناونی سیاست کررہے ہیں۔ بھارت بند کے پیچھے گھٹیا سیاست ، خود غرضی اور انتخابی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے مدنظر ذات پات کے تعلق سے منافرت اور تشدد کا ماحول بنایا جارہا ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔