اتحاد میں پھوٹ ڈال کر راج کرنا چاہتے ہیں مودی: مایاوتی
مایاوتی نے کہا کہ ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی کا اتحاد مضبوط ہے اور مودی اس سے پریشان ہیں، لہذا وہ ایس پی اور بی ایس پی میں دوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز دعوی کیا کہ سماجوادی پارٹی نے مایاوتی کو دھوکہ دیا ہے، اس بیان کو بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے خارج کرتے ہوئے کہا کہ کہ ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی کا اتحاد مضبوط ہے اور مودی اس سے پریشان ہیں، لہذا وہ ایس پی اور بی ایس پی میں دوری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مایاوتی نے کہا کہ یہ اتحاد صرف آج تک ہی نہیں بلکہ مستقبل کے لئے بھی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچوین مرحلہ کی ووٹنگ سے عین ایک دن قبل سماجوادی پارٹی اور بی ایس پی اتحاد کے حوالہ سے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے مایاوتی کو دھوکہ دیا ہے۔ اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی بانٹنے اور راج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لکھنؤ میں اتوار کے روز مایاوتی نے ایک پریس کانفرنس سے کہا کہ اتحاد مضبوط ہے اور اسے وزیر اعظم مودی ہضم نہیں کر پا رہے ہیں۔
علاوہ ازیں مایاوتی نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں ہے اور ہمارا اتحاد بی جے پی کو ہرانے کے لئے ہے۔ اسی کی وجہ سے بی جے پی اور آر ایس ایس حامی طاقتوں کو کمزور کرنے کے لئے اتر پردیش کی امیٹھی اور رائے بریلی کی سیٹیں کانگریس کے لئے چھوڑی گئی ہیں تاکہ کانگریس کے دونوں بڑے رہنما (سونیا گاندھی، راہل گاندھی) پھر سے انتخاب لڑیں اور ان دونوں سیٹوں پر ہی الجھ کر نہ رہ جائیں۔
وزیر اعظم مودی کا بیان
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز پرتاپ گڑھ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے بہن جی (مایاوتی) کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کانگریس کے رہنما خوشی خوشی سماجوادی پارٹی کیہ ریلیوں میں جا رہے ہیں۔ مایاوتی کھلے عام کانگریس پر تنقید کر رہی ہے، کانگریس کو کوستی ہے، جبکہ سماجوادی پارٹی کانگریس پر نرم نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دوستی میں اب دم نظر نہیں آ رہا۔ یہاں سماجوادی پارٹی نے بہن جی کو دھوکہ دیا ہے جو انہیں سمجھ نہیں آ رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔