رمضان میں عبادت گھروں میں کریں، اس سے اچھی مثال قائم ہوگی: مولانا رابع حسنی ندوی
لکھنؤ میں لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے گھروں میں عبادت کریں اور باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر مولانا رابع حسنی ندوی نے مسلمانوں سے رمضان المبارک کے دوران عبادت گھروں میں کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا اس وقت ہر طرف پھیلی ہوئی ہے اور اس کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ رمضان کے موقع پر عبادت گھروں میں ہی کی جائے۔ یہ وقت کا تقاضہ بھی ہے اور ایسا کر کے ہم ایک اچھی مثال بھی قائم کر سکتے ہیں۔
اس درمیان اسلامک سنٹر آف انڈیا کی طرف سے رمضان کے پیش نظر لاؤڈ اسپیکر سے کچھ اہم اعلانات بھی لکھنؤ میں کرائے گئے۔ گاڑی پر لاؤڈ اسپیکر سے اعلان کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ کورونا وائرس کے خطرہ کو دیکھتے ہوئے گھروں میں عبادت کریں اور باہر نکلنے سے پرہیز کریں۔ مسجدوں میں بھیڑ نہ لگانے اور تراویح کی نماز بھی گھر میں پڑھنے کی تلقین لاؤڈ اسپیکر کے ذریعہ کی گئی۔
مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے لکھنؤ میں لاؤڈ اسپیکر سے کرائے جا رہے اعلانات پر لوگوں سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "پورے ملک میں لاک ڈاؤن جاری ہے۔ ایسے میں سبھی لوگ روزہ رکھیں اور گھر پر ہی عبادت کریں۔ افطار اور نماز کے لیے بھی گھر سے باہر نہ نکلیں۔ اس کے لیے اسلامک سنٹر آف انڈیا کی طرف سے لکھنؤ میں گاڑیوں کے ذریعہ محلوں میں اعلانات کیے جا رہے ہیں جس پر سبھی لوگوں کو عمل کرنا چاہیے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔