اقلیتی برادریوں کے لیے مولانا آزاد اسکالرشپ بند کر دی گئی

اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے لوک سبھا میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ٹی این پرتھاپن کے سوال کے جواب میں اس کا اعلان کیا۔

اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی، تصویر آئی اے این ایس
اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مرکزی حکومت نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ یعنی اقلیتی برادریوں کے طلباء کے لیے اسکالرشپ کو اس تعلیمی سال 2022-23 سے بند کر دیا گیا ہے۔ اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی نے لوک سبھا میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ٹی این پرتھاپن کے سوال کے جواب میں اس کا اعلان کیا۔

مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ (ایم این اے ایف) اسکیم، جو کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے وقف ہے اس پر ایرانی نے کہا کہ "حکومت کی جانب سے نافذ کی جانے والی اعلیٰ تعلیم کے لیے مختلف دیگر فیلوشپ اسکیموں کے ساتھ اوورلیپ ہو رہی ہیں اور اقلیتی طلبہ پہلے ہی اس طرح کی اسکیموں کے تحت شامل ہے، اس لیے حکومت نے 2022-23 سے مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ اسکیم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے"۔


اپنے جواب میں، ایرانی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 2014-15 اور 2021-22 کے درمیان فیلو شپ اسکیم کے تحت 738.85 کروڑ روپے کی مجموعی تقسیم کے ساتھ 6,722 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔

2009 میں شروع کی گئی، مولانا آزاد نیشنل فیلو شپ نے چھ مطلع شدہ اقلیتی برادریوں- بدھ مت، عیسائی، جین، مسلمان، پارسی اور سکھوں کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے کے لیے پانچ سالہ مالی امداد فراہم کی۔ فیلوشپ کا دائرہ ہندوستان میں باقاعدہ اور کل وقتی تحقیق کرنے والے اقلیتی طلباء کو مدد فراہم کرنا ہے، اور اس میں اسسٹنٹ پروفیسرز کے تحقیقی منصوبے شامل ہیں۔


اس اسکیم میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے ذریعہ تسلیم شدہ تمام یونیورسٹیوں/ اداروں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ سچر کمیٹی کی سفارشات کے بعد شروع کی گئی تھی، جس نے ہندوستان میں مسلم طلباء کے سماجی و اقتصادی حالات کا مطالعہ کیا تھا۔

اسے "ناانصافی" قرار دیتے ہوئے، کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ٹی این پرتھاپن نے کہا کہ اس اقدام سے بہت سے طلباء کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ختم ہو جائے گی۔ نہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔


جولائی میں انگریزی روزنامہ ’ دی ہندو‘ نے رپورٹ کیا کہ ایم فل اور پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرس نے فیلوشپ کی تقسیم میں نو ماہ کی تاخیر پر اقلیتی امور کی وزارت اور یو جی سی سے رابطہ کیا ہے۔ تب ایرانی نے جواب دیا تھا کہ اقلیتی امور کی وزارت کی طرف سے شروع کی گئی زیادہ تر اسکیموں کو 2019-20 سے بند کر دیا گیا ہے۔

نومبر میں، اقلیتی امور کی وزارت نے اعلان کیا تھا کہ اقلیتی برادریوں کے طلبہ کے لیے حکومت کی پری میٹرک اسکالرشپ اب پہلی سے کلاس ہشتم تک کے طلبہ پر لاگو نہیں ہوگی، اور اسے صرف 9ویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کے لیے 2022-23 سے جاری رکھا جائے گا۔ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اقلیتی امور کی وزارت کی اسکالرشپ کو سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت اور قبائلی امور کی وزارت کے مطابق لانے کے لیے کیا گیا ہے۔ 

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔