متھرا ٹرین حادثہ: لاپروائی سامنے آنے کے بعد 5 ریلوے ملازمین معطل، تحقیقات کے لیے 4 رکنی ٹیم تشکیل

ٹیم میں سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر یوگیش کمار، سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر وویک گپتا، سینئر ڈویزنل پروٹیکشن افسر رگھوناتھ سنگھ، سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر پروین کمار کو شامل کیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرین، علامتی تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ٹرین، علامتی تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گزشتہ دنوں متھرا میں پیش آئے ٹرین حادثہ کو لے کر ریلوے ملازمین کی بڑی لاپروائی سامنے آ رہی ہے۔ متھرا جنکشن ریلوے اسٹیشن پر منگل کی شب دہلی کی طرف پلیٹ فارم نمبر 2 کی سائیڈنگ پر ٹرین چڑھنے کے حادثہ میں شروعاتی جانچ کے دوران ریلوے ملازمین کی لاپروائی کا پتہ چلا ہے جس کے بعد ریلوے کے 5 ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس حادثہ کی جانچ کے لیے چار رکنی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو حادثہ سے جڑے سبھی نکات کی جانچ کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ شکوربستی-متھرا ای ایم یو منگل کی شب 10.49 بجے پلیٹ فارم نمبر 2 کی سائیڈنگ پر پہنچی تھی۔ ٹرین سے سبھی مسافر اتر چکے تھے۔ لوکو پائلٹ گووند ہری اور گارڈ منوج مینا نے ٹرین کو تکنیکی ڈپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا تھا۔ تکنیکی اسٹاف ٹرین میں لائٹ، موٹر، تار، بریکنگ پاور وغیرہ کا جائزہ لیتا ہے۔ جائزہ کے دوران ٹرین اچانک چل پڑی۔ چارج لینے کے 51 سیکنڈ بعد ہی ٹرین چلنے لگی۔ پھر یہ ٹرین اسٹاپر کو توڑتے ہوئے پلیٹ فارم پر چڑھ گئی۔ غنیمت رہی کہ او ایچ آئی کے پول سے ٹکرا کر ٹرین رک گئی، ورنہ کوئی بڑا حادثہ ہو سکتا تھا۔ ٹرین سے ٹکر کے سبب پول بھی ٹیڑھا ہو گیا۔


بتایا جاتا ہے کہ ٹرین کے پلیٹ فارم پر چڑھتے ہی زور کی آواز ہوئی تھی جس سے پلیٹ فارم پر افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ پلیٹ فارم ٹوٹنے سے پتھر کے ٹکڑے بھی دور دور تک پھیل گئے تھے۔ کافی دیر بعد جب ٹرین پول سے ٹکرا کر رکی اور ریلوے ملازمین نے پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا تو مسافروں نے راحت کی سانس لی۔ اس حادثہ کے بعد ریلوے افسران میں بھی کھلبلی مچ گئی۔

حادثہ کی خبر ملتے ہی ڈائریکٹر ایس کے شریواستو، تھانہ آر پی ایف انچارج اودھیش کمار گوسوامی، تھانہ جی آر پی انچارج وکاس سکسینہ سمیت دیگر افسران موقع پر پہنچ گئے تھے۔ تقریباً ایک گھنٹے بعد حادثہ زدہ گاڑی اور او ایچ ای جائزہ گاڑی موقع پر پہنچی۔ ڈی آر ایم تیج پرکاش اگروال بھی دیر شب وہاں پہنچے اور پوری جانکاری حاصل کی۔


بتایا جاتا ہے کہ ٹرین تھروٹل (ایکسلیٹر) دبنے سے گاڑی آگے بڑھ گئی تھی۔ اس حادثہ میں لوکو پائلٹ گووند ہری شرما، ہیلپر الیکٹریکل سچن، ٹیکنیشین کلجیت، برجیش، ہربھان کو معطل کیا گیا ہے۔ حادثہ کی جانچ کے لیے جو چار رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اس میں سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر (ٹرانسپورٹیشن) یوگیش کمار، سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر (جنرل) وویک گپتا، سینئر ڈویزنل پروٹیکشن افسر رگھوناتھ سنگھ، سینئر ڈویزنل الیکٹریکل انجینئر (ٹریکشن تقسیم) پروین کمار کو شامل کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔