اتر پردیش: بندیل کھنڈ میں زبردست سلنڈر دھماکہ، 3 لوگوں کی موت، کئی زخمی

یہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سلنڈر کے قریب کھڑے لوگ دور جا گرے، کچھ لوگ اس بری طرح زخمی ہوئے کہ اسپتال لے جاتے وقت راستے میں ہی ان کی موت ہو گئی۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چترکوٹ: مدھیہ پردیش کے چترکوٹ میں منعقد ہونے والے ’بندیل کھنڈ گورو مہوتسو‘ کی تقریب کے دوران آج ایک بڑا دھماکہ پیش آیا۔ اس حادثہ میں 3 لوگوں کی موت واقع ہو گئی، جبکہ کم و بیش 3  لوگ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ دھماکہ ’ہاٹ ایئر بلون‘ (غبارہ) کے بغل میں رکھے ایک سلنڈر کے پھٹنے سے ہوا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اطلاع کے مطابق موسم خراب ہونے کی وجہ سے ہاٹ ایئر بلون منگل (13 فروری) کو نہیں اڑایا گیا تھا، لیکن آج موسم میں بہتری ہونے کے بعد غبارہ اڑایا گیا۔ غبارے کے بغل میں ہی ایک سلنڈر رکھا تھا جس میں اچانک آگ لگ گئی جس سے سلنڈر دھماکہ کا شکار ہو گیا۔ اس حادثہ میں سلنڈر کے قریب لوگ بری طرح زخمی ہو گئے اور اس کی آواز سے اطراف میں افرا تفری مچ گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔


اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اور ایس پی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے اس کی جانچ شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ سلنڈر کے قریب کھڑے لوگ دور جا گرے۔ کچھ لوگ اس بری طرح زخمی ہوئے تھے کہ اسپتال لے جاتے وقت راستے میں ہی ان کی موت ہو گئی۔ واضح رہے کہ چترکوٹ میں سیاحت کے فروغ کے لیے دو روزہ ’بندیل کھنڈ گورو مہوتسو‘ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ میلہ کے دوسرے اور آخری دن یہ حادثہ پیش آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔