امریکہ کے البامہ میں اجتماعی فائرنگ، 4 افراد ہلاک، درجنوں شدید طور پر زخمی

کلب کے سرپرست میگنولیا ایونیو پر حقہ-سگار لاؤنج کے باہر لائن میں کھڑے تھے تبھی فائرنگ شروع ہو گٓئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گولیوں کی آواز ایسی لگ رہی تھی جیسے آٹومیٹک بندوق سے مسلسل فائرنگ ہو رہی ہو۔

فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
فائرنگ، علامتی تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

امریکہ کے برمنگھم واقع البامہ میں فائرنگ کا ایک المناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 4 لوگوں کے ہلاک اور کئی افراد کے شدید طور پر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ گولی باری کا یہ معاملہ ہفتہ کی دیر رات کا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

برمنگھم پولیس محکمہ نے 'ایکس' پر اپنے ایک پوسٹ میں لکھا ہے "افسران لوگوں کو گولی لگنے کے بعد جائے حادثہ پر ہیں، اس واقعہ میں کئی لوگوں کی ہلاکت اور کئی کے زخمی ہونے کا اندیشہ ہے"۔ پوسٹ میں جانکاری دی گئی ہے کہ گولی باری شہر کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فائرنگ میں کم سے کم 4 لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ درجنوں افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ زخمی ہوئے 3 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ چوتھے کو اسپتال میں مردہ اعلان کیا گیا۔


'اے بی سی' کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کو رات کے قریب 11 بجے اس واقعہ کی جانکاری ملی تھی۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ برمنگھم فائر اینڈ ریسکیو نے 8 لوگوں کو اسپتال میں پہنچانے کی رپورٹ دی ہے۔ ان میں 4 افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ افسران کے مطابق درجنوں زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔

برمنگھم پولیس اور فائر بریگیڈ دستہ فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئے اس فائرنگ واقعہ کی تفتیش میں لگ گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کلب کے سرپرست میگنولیا ایونیو پر حقہ اور سگار لاؤنج کے باہر لائن میں کھڑے تھے تبھی فائرنگ شروع ہو گٓئی۔ چشم دیدوں نے بتایا کہ گولیوں کی آواز ایسی لگ رہی تھی کہ جیسے یہ آٹومیٹک بندوق ہے جس سے مسلسل فائرنگ ہو رہی تھی۔ امریکی افسران کا ماننا ہے کہ اس گولی باری کے واقعہ کو کئی شوٹروں نے مل کر انجام دیا ہے۔ اس سلسلے میں ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔